نیپال میں بدھا ایئرلائنس کے ایک مسافر طیارہ کو پائلٹ نے بغیر پہیہ کے ہی رَنوے پر اتار دیا۔ اس کی جانکاری ملتے ہی مسافروں سے لے کر ایئرلائنس تک میں زبردست افرا تفری پیدا ہو گئی اور آناً فاناً طیارہ کی لینڈنگ کے بعد لوگوں کو حفاظت سے نکالنے کی کوششیں شروع ہوئیں۔ اس طیارہ میں 63 مسافر سوار تھے۔
نیپالی اخبار کانتی پور کے مطابق بدھا ایئرلائنس کے ایک مسافر طیارہ نے مہوتاری کے جنک پور سے کاٹھمنڈو تک کے لیے پرواز بھری تھی۔ طیارہ کو جب رَنوے پر اتارا گیا تو پتہ چلا کہ اس میں پہیہ ہی نہیں ہے۔ یہ خبر سنتے ہی افسران کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور ایک گہما گہمی کی حالت پیدا ہو گئی۔ بعد میں ایئرلائنس نے سینئر ٹیکنیشین کی مدد سے طیارہ کو بہ حفاظت لینڈ کروایا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لگاتار ایک ہی طیارہ کو چلائے جانے کی وجہ سے یہ نوبت آئی۔ جس طیارہ میں یہ واقعہ پیش آیا، وہ بدھ کو کم از کم 8 مرتبہ کاٹھمنڈو سے جنک پور گیا تھا۔
ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ جنک پور میں جب طیارہ پرواز بھر رہا تھا، تبھی رَنوے پر اس کا پہیہ ٹوٹ گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی خبر پائلٹ کو بھی نہیں ہوئی۔ ایک گھنٹے بعد جب طیارہ کو لینڈ کرانے کی کوشش کی گئی تو پائلٹ کو پہیہ نہ ہونے کے بارے میں پتہ چلا۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ کے آگے کا 2 پہیہ ٹوٹ کر جنک پور میں ہی رہ گیا۔ بدھا ایئرلائنس نے اس معاملے میں افسوس ظاہر کرتے ہوئے سخت کارروائی کی بات کہی ہے۔
واضح رہے کہ بدھا ایئرلائنس کو نیپال کا سب سے بڑا گھریلو ایئرلائنس مانا جاتا ہے۔ 1996 میں اس کی بنیاد ڈالی گئی تھی۔ بدھا ایئرلائنس نیپال کے اندر گھریلو پروازوں کے ساتھ ساتھ کاٹھمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ہندوستان کے وارانسی کے لیے بین الاقوامی پروازیں چلاتی ہے۔ نیپال میں بدھا ایئرلائنس کو قابل اعتبار ایئرلائنس تصور کیا جاتا ہے، لیکن جس طریقے سے کاٹھمنڈو میں یہ واقعہ پیش آیا ہے، اس سے آنے والے دنوں میں ایئرلائنس کی مشکلیں بڑھ سکتی ہیں۔