اس وقت ہندوستان ہی نہیں، پوری دنیا میں ملازمتوں کا فقدان چل رہا ہے۔ کئی کمپنیاں چھنٹنی کے دور سے گزر رہی ہیں۔ اس درمیان مشہور ٹیک کمپنی مائیکروسافٹ میں چھنٹنی کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ حال ہی میں بزنس انسائیڈر نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں مائیکروسافٹ کمپنی میں ایک بار پھر ملازمین کی تعداد کم کرنے کی تیاریوں کا تذکرہ کیا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ کمپنی ان ملازمین کو باہر کا راستہ دکھا سکتی ہے جو ’انڈرپرفارمنگ‘ ہیں، یعنی اپنی کارکردگی سے امیدوں پر کھرے نہیں اتر پا رہے ہیں۔ مائیکروسافٹ میں اس وقت تقریباً 2 لاکھ 28 ہزار ملازمین کام کر رہے ہیں۔ یہ تعداد آئندہ کچھ مہینوں میں گھٹ سکتی ہے۔ اس سے قبل بھی کمپنی نے 2023 میں تقریباً 10 ہزار اور 2024 میں تقریباً 4 ہزار ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اب ایک بار پھر کمپنی اپنے ملازمین کی تعداد میں کمی کرنے پر غور کر رہی ہے۔ خاص طور سے ان ملازمین پر تلوار لٹک رہی ہے جو اپنی کارکردگی میں بہتری نہیں کر پائے ہیں۔
مائیکروسافٹ کے ترجمان نے اس چھنٹنی کے امکانات کی تصدیق کی ہے۔ حالانکہ ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچھ عہدوں کو پھر سے بھرا بھی گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ کچھ ڈپارٹمنٹ میں ملازمین کی ضرورت ہوئی ہے۔ گزشتہ کچھ سالوں میں آئی ٹی سیکٹر میں بحران اور زوال کی صورت دیکھی گئی ہے۔ یہ کچھ کمپنیوں کے لیے چیلنج بھرا رہا ہے۔ اس کے باوجود مائیکروسافٹ نے اے آئی (مصنوعی ذہانت) کے شعبہ میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کی ہے۔ کمپنی نے اے آئی ٹیکنالوجی میں اربوں ڈالر لگانے کا اعلان کیا ہے۔