مدھوبنی: بہار کے مدھوبنی ضلع کے جھانجرپور تھانہ علاقہ میں ایک ذہنی طور پر پریشان نوجوان کے اپنی سسرال میں ساس، بیوی اور دو معصوموں کا پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق واردات انجام دینے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
ایک پولیس افسر نے ہفتہ کو بتایا کہ دربھنگہ کے سادات پور کا رہنے والا پون کمار جمعہ کو سوکھیت گاؤں میں اپنے سسرال کے گھر آیا تھا۔ اسی دوران اس کا بیوی اور ساس سے رات کو کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ اس کے بعد سب سو گئے۔ اس دوران پون نے اپنی بیوی سمیت چار لوگوں کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ مرنے والوں میں ملزم کی ساس پرمیلا دیوی، بیوی پنکی دیوی اور اس کی دو بیٹیاں شامل ہیں۔
جاں بحق ہونے والی بچیوں کی عمریں چار سال اور ایک سال بتائی جاتی ہیں۔ ملزمان نے قتل کی واردات میں پتھر اور چاقو کا استعمال کیا۔
جھانجرپور پور تھانے کے انچارج رنجیت کمار نے کہا، ’’واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی، ایف ایس ایل ٹیم کو بھی بلایا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ملزم پیسوں کا مطالبہ کر رہا تھا جس پر جھگڑا ہوا بتایا جاتا ہے۔ ملزم واردات کے بعد فرار بتایا جاتا ہے، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔