فلم اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کیس میں ایک اور ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ پانچواں ملزم ہے جو اس معاملے میں گرفتار ہوا ہے۔ اس کا نام محمد رفیق چودھری ہے جسے ممبئی کرائم برانچ نے پنجاب سے گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے ذرائع کے مطابق ملزم محمد رفیق چودھری نے دونوں شوٹروں ساگر پال اور وکی گپتا کو رقم فراہم کی تھی اور سلمان خان کے گھر کی ریکی کرنے میں ان کی مدد کی تھی۔
ممبئی کرائم برانچ چودھری کو گرفتار کرکے آج ممبئی لا رہی ہے جہاں اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے تحویل کا مطالبہ کیا جائے گا۔ ممبئی کرائم برانچ نے اس معاملے میں اب تک انوج تھاپن، سونو بشنوئی، مبینہ شوٹر ساگر پال اور وکی گپتا کو گرفتار کیا ہے۔ وہیں گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کے بھائی انمول بشنوئی کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے۔ انوج تھاپن نے گرفتاری کے بعد پولیس حراست میں خودکشی کر لی تھی مگر انوج تھاپن کے اہل خانہ نے اسے قتل قرار دیتے ہوئے اس کی سی بی آئی سے انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ 14 اپریل 2024 کو ممبئی میں سلمان خان کے گھر کے باہر شوٹروں نے فائرنگ کی تھی۔ فائرنگ کے بعد ملزمین اپنی موٹر سائیکل قریب ہی واقع ایک چرچ کے پاس چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔ اس معاملے میں پولیس نے دو شوٹروں وکی گپتا اور ساگر پال کو گجرات سے گرفتار کیا تھا۔ سلمان کے گھر کے باہر 7 راؤنڈ فائرنگ کی گئی۔ ملزمین نے دوران تفتیش بتایا کہ فائرنگ سے قبل سلمان کے گھر کی تین بار ریکی کی تھی۔