پٹنہ: راشٹڑیہ جنتا دل کے قومی صدر لالو پرساد یادو نے منگل کے روز مسلمانوں کو مکمل ریزرویشن فراہم کرنے کی وکالت کی۔ پٹنہ میں صحافیوں نے جب بی جے پی لیڈران کے کرناٹک میں مسلمانوں کو ریزرویشن دئے جانے کے معاملہ پر بیان پر سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ عوام سمجھ گئے ہیں بی جے پی کو، ریزرویشن کو ملنا چاہئے مسلمانوں کو پورا!
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے جنگل راج والے بیان پر لالو یادو نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کو بھڑکا رہے ہیں۔ بی جے پی کے لوگ خوفزدہ ہیں۔ یہ لوگ آئین اور جمہوریت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ملک کے عوام کے ذہن میں یہ تمام باتیں آ چکی ہیں۔
دریں اثنا، بی جے پی کے اب کی بات 400 پار کے نعرے پر طنز کرتے ہوئے لالو پرساد یادو نے کہا کہ وہ لوگ لڑائی سے باہر ہو گئے ہیں۔ ووٹنگ گٹھ بندھن کے حق میں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کا ماحول بدل رہا ہے، یہاں سے این ڈی اے ختم ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہار کا ماحول بدل رہا ہے، یہاں سے این ڈی اے ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارے لوگوں کی طرف ووٹنگ ہو رہی ہے۔ پولنگ بوتھوں پر لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، جو اس بات کی علامت ہے کہ لوگ ووٹنگ کو لے کر پرجوش ہیں۔ ہماری حکومت بننے جا رہی ہے۔’’
خیال رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلہ میں بہار کی 5 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔