ہندوستانی ٹیم کے مایہ ناز سلامی بلے باز شبھمن گل نے اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ یک روزہ کرکٹ کی اوّلین پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ وَنڈے رینکنگ میں انھوں نے پاکستانی بلے باز بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ کر پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ شبھمن گل کے اس وقت 796 ریٹنگ پوائنٹس ہیں، جبکہ بابر اعظم 773 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ بابر اعظم نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف سہ رخی سیریز میں ناکام ثابت ہوئے تھے، جس کا انھیں نقصان پہنچا ہے۔ دوسری طرف شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف یک روزہ سیریز میں لاجواب کارکردگی پیش کی تھی۔ انھوں نے ایک سنچری اور 2 نصف سنچری بنائی تھی جس کی وجہ سے ان کے ریٹنگ پوائنٹس میں زبردست اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شبھمن گل نے 2019 میں ڈیبیو کیا تھا اور اس کھلاڑی نے اب تک محض 50 یک روزہ میچ کھیلے ہیں اور اتنے کم مقابلوں میں یہ ہی کھلاڑی نمبر 1 پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ گل کا ریکارڈ ہی انھیں وَنڈے رینکنگ کے عرش پر پہنچاتا ہے۔ اس کھلاڑی نے 60 سے زیادہ کی اوسط سے 2587 رن بنائے ہیں، جس میں 7 سنچری اور 15 نصف سنچری شامل ہیں۔ گل نے وَنڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بھی لگائی ہے۔ گل یک روزہ کرکٹ میں سب سے تیزی کے ساتھ 2500 رن بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گل کا نمبر 1 بلے باز بننا طے مانا جا رہا تھا۔
شبھمن گل 2023 میں نومبر ماہ میں بھی وَنڈے کرکٹ میں نمبر 1 بلے باز بنے تھے، لیکن بابر نے وہ جگہ ان سے جلد ہی چھین لی تھی۔ اب ایک بار پھر یہ کھلاڑی بابر کو پیچھے کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ ویسے اس رینکنگ پر برقرار رہنے کے لیے شبھمن گل کو چمپئنز ٹرافی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ دائیں ہاتھ کا یہ بلے باز اس وقت کمال کے فارم میں دکھائی دے رہا ہے اور اگر وہ چمپئنز ٹرافی مین رنوں کا انبار لگاتے ہیں تو بابر سے بہت آگے نکل جائیں گے۔
شبھمن گل اور بابر اعظم کے علاوہ وَنڈے رینکنگ کی بات کریں تو ہندوستانی کپتان روہت شرما کو تیسرا مقام حاصل ہے۔ ہنرک کلاسین ایک مقام اوپر اٹھتے ہوئے چوتھے مقام پر آ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچیل پانچویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ وراٹ کوہلی چھٹے نمبر پر اور ہیری ٹیکٹر ساتویں مقام پر قابض ہیں۔ آٹھواں مقام سری لنکائی بلے باز چرت اسالانکا کو حاصل ہے۔ ہندوستان کے ایک دیگر بلے باز شریئس ایئر بھی وَنڈے رینکنگ میں نویں مقام پر ہیں، جبکہ شے ہوپ کو دسواں مقام حاصل ہوا ہے۔