ہندوستانی کرکٹ ٹیم، جس کی قیادت تجربہ کار بلے باز روہت شرما کر رہے ہیں، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے دبئی روانہ ہو گئی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 19 فروری سے شروع ہوگا، جس میں 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ہندوستانی ٹیم کے تمام گروپ اے کے میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے، جبکہ باقی میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لی گئی تصاویر میں روہت شرما اور ان کی ٹیم کے دیگر اراکین کو دبئی کے لیے روانہ ہوتے دیکھا گیا۔
ذرائع کے مطابق، ابتدائی طور پر ٹیم کے کھلاڑیوں کو دو دو کے گروپ میں دبئی بھیجنے کا منصوبہ تھا لیکن بی سی سی آئی کی نئی پالیسی کے تحت تمام کھلاڑی اور معاون عملہ ایک ساتھ سفر کریں گے۔ اسی وجہ سے پوری ٹیم اجتماعی طور پر ممبئی سے دبئی روانہ ہوئی۔
ہندوستانی ٹیم کو اس ٹورنامنٹ میں اپنے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی کمی محسوس ہوگی، جو آسٹریلیا کے خلاف بارڈر-گواسکر ٹرافی کے پانچویں ٹیسٹ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ ان کی غیر موجودگی میں ہاردک پانڈیا پر اضافی بوجھ ہوگا۔
بمراہ کی جگہ ٹیم میں نوجوان آل راؤنڈر ہرشِت رانا کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ یشسوی جیسوال کی جگہ اسپنر ورون چکرورتی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یشسوی جیسوال اب محمد سراج اور شیوم دوبے کے ساتھ نان ٹریولنگ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
ہندوستان نے چیمپئنز ٹرافی دو بار جیتی ہے اور اس بار بھی ٹیم کے لیے توقعات بلند ہیں۔ ہندوستان اپنی مہم کا آغاز 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف کرے گا، اس کے بعد 23 فروری کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف اہم میچ ہوگا۔ گروپ مرحلے میں ہندوستان کا آخری میچ 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔
چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی ٹیم:
روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، وراٹ کوہلی، شریئس ایر، کے ایل راہل، رشبھ پنت، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، ہرشت رانا، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ، رویندر جڈیجہ، ورون چکرورتی۔