نئی دہلی: کانگریس کے امیدوار سندیپ دکشت نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال پر خواتین کی حفاظت کے معاملے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے خواتین کی حفاظت کا معاملہ صرف ایک انتخابی نعرہ ہے۔
سندیپ دکشت نے کہا، ’’عام آدمی پارٹی وہی جماعت ہے جو پہلے خواتین کی حفاظت پر دہلی کی سابقہ حکومت پر انگلی اٹھاتی تھی لیکن اب وہ خود اس معاملے میں ناکام ہو چکی ہے۔ کیجریوال حکومت نے تعلیمی نظام پر تو خرچ کیا لیکن خواتین سے متعلق حساسیت پیدا کرنے اور ان کی حفاظت کے لیے کوئی خاص قدم نہیں اٹھایا۔ اگر لوگ خوش اور تعلیم یافتہ ہوں تو شہر کا نظم و ضبط خود بہتر ہو جاتا ہے لیکن دہلی حکومت اس میں ناکام رہی۔‘‘
انہوں نے سوال اٹھایا کہ “دہلی حکومت نے تعلیمی نظام کے ذریعے خواتین کی حفاظت کے لیے کتنا کام کیا؟ کیا بچوں کو خواتین کے بارے میں حساس بنایا گیا؟ دہلی حکومت نے جن کاموں کو انجام دینا تھا، وہ پوری طرح ناکام رہی ہے۔”
یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دہلی انتخابی مہم میں شامل ہونے اور عام آدمی پارٹی پر روہنگیا اور غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کو دہلی میں بسانے کے الزامات پر دکشت نے بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا، “اگر دہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں اور روہنگیا کے ووٹر کارڈ بنائے جا رہے ہیں، تو یہ ہندوستان کی مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے لوگوں کو شناخت کرے۔ دہلی حکومت کے افسران بھی اس پر دھیان دیں لیکن دونوں جماعتیں آپس میں الجھی ہوئی ہیں۔ کانگریس کا مقصد دہلی کی ترقی ہے اور ہم اسی بنیاد پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔”
انتخابی مہم کے حوالے سے سندیپ دکشت نے کہا، ’’ہماری تیاریاں بہت اچھی چل رہی ہیں۔ ہم عوام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور اگلے دس دنوں میں ایک مثبت انتخابی مہم چلائیں گے۔‘‘