کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کل بدھ 23 اکتوبر 2024 کو کیرالہ کی وائناڈ سیٹ سے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کریں گے۔ اس سے ایک روز قبل، کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے 2024 کے ضمنی انتخاب کے تناظر میں وائناڈ کے عوام کے لیے ایک خاص پیغام جاری کیا ہے۔
راہل گاندھی نے ایکس پر شیئر کیے گئے اپنے بیان میں انہوں نے وائناڈ کے لوگوں کے ساتھ اپنی جذباتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’وائناڈ کے لوگوں کے لیے میرے دل میں ایک خصوصی مقام ہے اور میں اپنی بہن پرینکا گاندھی سے بہتر کسی اور کو ان کا نمائندہ تصور نہیں کر سکتا۔ مجھے یقین ہے کہ وہ وائناڈ کی ضروریات کی ایک بھرپور ترجمان اور پارلیمنٹ میں ایک طاقتور آواز بنیں گی۔‘‘
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ 23 اکتوبر کو پرینکا گاندھی وائناڈ کی نشست کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کریں گی۔ انہوں نے وائناڈ کے عوام سے درخواست کی کہ وہ اس موقع پر ان کے ساتھ شامل ہوں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وائناڈ کی نمائندگی محبت کے ساتھ ہوتی رہے۔
یاد رہے کہ راہل گاندھی نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں وائناڈ اور رائے بریلی دونوں حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم، انہوں نے رائے بریلی کی نشست اپنے پاس رکھی اور وائناڈ کی نشست خالی کر دی، جس کے نتیجے میں وائناڈ میں ضمنی انتخاب کا اعلان کیا گیا۔ اس ضمنی انتخاب میں کانگریس کی جانب سے پرینکا گاندھی کو امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا جا رہا ہے۔
پرینکا گاندھی، جو کانگریس کی جنرل سکریٹری بھی ہیں، پارٹی طویل عرصہ سے مہم چلا رہی ہیں تاہم یہ پہلا موقع ہے جب وہ انتخابی سیاست میں قدم رکھ رہی ہیں۔ ان کا سیاسی سفر اور عوامی مقبولیت کانگریس کو اس نشست پر ایک مضبوط مقام فراہم کرے گی۔ راہل گاندھی نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ وائناڈ کے عوام کی بہتر نمائندگی کے لیے پرینکا گاندھی کی قیادت نہایت اہم ہے اور انہیں مکمل حمایت دی جانی چاہیے۔
یہ ضمنی انتخاب نہ صرف کانگریس بلکہ پورے ملک کی سیاست کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ وائناڈ کی نشست جنوبی ہندوستان میں کانگریس کی ایک اہم قوت سمجھی جاتی ہے اور پرینکا گاندھی کی جیت پارٹی کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ اس وقت تمام نظریں 23 اکتوبر پر مرکوز ہیں جب پرینکا گاندھی باضابطہ طور پر وائناڈ کی نشست کے لیے اپنا کاغذات نامزدگی داخل کریں گی۔
راہل گاندھی نے وائناڈ کے عوام کے لیے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ ان کا وائناڈ سے جذباتی تعلق ہے اور وہ ہمیشہ اس علاقے کی خدمت کے لیے پرعزم رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرینکا گاندھی ان کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے وائناڈ کی ضروریات کو بخوبی سمجھیں گی اور ان کے حقوق کی علمبردار بنیں گی۔