’وقف (ترمیمی) بل 2024‘ کے لیے تشکیل جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی میٹنگ میں ہنگامہ کا دور جاری ہے۔ آج ایک بار پھر جے پی سی میں شامل برسراقتدار اور حزب اختلاف طبقہ کے رکن میں زوردار بحث دیکھنے کو ملی۔ اس مرتبہ تو اس بحث نے جارحانہ رخ اختیار کر لیا اور نتیجہ یہ ہوا کہ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی زخمی ہو گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ اڈیشہ کی ایک تنظیم کے رکن وقف املاک سے متعلق اپنی رائے رکھ رہے تھے تبھی یہ ہنگامہ شروع ہوا۔ ذرائع کے حوالے سے جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس میں کہا جا رہا ہے کہ ہنگامہ کے وقت جسٹس اِن رئیلٹی، کٹک، اڈیشہ اور پنچ سکھا پرچار کٹک، اڈیشہ بانی منڈلی کا پریزنٹیشن چل رہا تھا۔ کلیان بنرجی اس دوران اپنی بات رکھنا چاہتے تھے، حالانکہ ان سے پہلے ہی دو تین مرتبہ بات ہو چکی تھی۔ پھر بھی وہ پریزنٹیشن کے دوران اپنی کچھ بات رکھنا چاہ رہے تھے، جس پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ ابھجیت گنگوپادھیائے نے اعتراض ظاہر کیا۔
دونوں ہی فریقین کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سامنے والے نے نازیبا زبان کا استعمال کیا۔ اسی درمیان کلیان بنرجی نے میز پر رکھی شیشے کی بوتل اٹھا کر ٹیبل پر دے ماری اور خود کو چوٹ پہنچا لی۔ بی جے پی اراکین کا الزام ہے کہ کلیان بنرجی نے ٹوٹی ہوئی بوتل چیئرمین کی طرف اچھال دی۔ حالانکہ اس تعلق سے کچھ بھی مصدقہ طور پر سامنے نہیں آیا ہے۔ لیکن جو تصویریں سامنے آئی ہیں اس میں کلیان بنرجی کی کچھ انگلیوں پر پٹی بندھی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اس واقعہ کے بعد میٹنگ کچھ دیر کے لیے ملتوی کرنی پڑی۔