شمالی ہند کی کئی ریاستوں میں صبح اور شام کے وقت ہلکی ٹھنڈ محسوس ہونے لگی ہے۔ وہیں جنوبی ہند کی کئی ریاستوں میں بارش کا دور اب تک نہیں رکا ہے۔ آج تمل ناڈو، کیرل اور کرناٹک کے کچھ حصوں میں بارش کو لے کر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بہار میں بھی بدھ سے کچھ علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ساتھ ہی اس دوران تیز ہوائیں بھی چلنے کے آثار ہیں جس سے ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
ملک کی اقتصادی راجدھانی کے طور پر مشہور مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں آج محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اس دوران ہلکی سے درمیانی سطح کی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ وہیں دہلی میں آسمان صاف رہنے والا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج یہاں کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری رہنے کے آثار ہیں۔ راجستھان کے کچھ حصوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جس سے ٹھنڈ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
بہار کے کئی ضلعوں میں بارش کے آثار ہیں۔ 23 اکتوبر کو خلیج بنگال میں ایک طوفان بننے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے بہار کے موسم میں تبدیلی کے ساتھ ٹھنڈ بھی بڑھ سکتی ہے۔ 24 اکتوبر کو پٹنہ سمیت سبھی اضلاع میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوا چلنے کے ساتھ کچھ مقامات پر بادل گرجنے، بجلی گرنے کے امکان کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اتر پردیش کی بات کی جائے تو محکمہ نے 22 اکتوبر کو مغربی اور مشرقی دونوں حصوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 23 اکتوبر کو بھی یہاں موسم صاف رہے گا اور 24 اکتوبر سے موسم بدلنے کا قیاس لگایا جا رہا ہے۔ اس دن مشرقی یوپی میں کہیں کہیں پر گرج اور چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔