ہندوستانی دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ جیت لیا ہے۔ اب دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم پونے پہنچ گئی ہے۔ بنگلورو سے پونے روانگی کی جانکاری دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ایک ایسا سوشل میڈیا پوسٹ کیا ہے جو تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔ دراصل بورڈ نے اپنے پوسٹ میں ہندوستان کا ایک نقشہ دیا جس میں نصف جموں و کشمیر غائب تھا۔
ہندوستانی شیدائیوں نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے ذریعہ کیے گئے اس پوسٹ کو جب دیکھا تو حیران رہ گئے۔ کئی سوشل میڈیا صارف نے اس معاملے میں بورڈ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کھری کھوٹی بھی سنائی۔ جب یہ معاملہ طول پکڑتا ہوا دکھائی دے رہا تھا تو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو اپنی غلطی کا احساس ہوا۔ پھر اس نے بلاتاخیر اس پوسٹ کو ڈیلیٹ کر دیا۔ لیکن اس پوسٹ کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اور نیوزی لینڈ بورڈ کی ٹرولنگ جاری ہے۔ کچھ لوگ یہ سوال بھی پوچھ رہے ہیں کہ کیا بی سی سی آئی (بورڈ آف کرکٹ کنٹرول آف انڈیا) اس معاملے پر کوئی کارروائی کرے گی؟ کیا وہ نیوزی لینڈ بورڈ سے اس بارے میں بات کرے گی؟
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ پونے میں کھیلا جائے گا۔ اسی میچ سے جڑی جانکاری دینے کے لیے نیوزی لینڈ بورڈ نے ہندوستان کا غلط نقشہ پوسٹ کر دیا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین کے ذریعہ اس نقشہ پر اعتراض ظاہر کیے جانے کے بعد نیوزی لینڈ بورڈ کے کسی افسران کا بھی اب تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔