مہاراشٹر میں اسمبلی انتخاب سے قبل تمام پارٹیوں کی طرف سے طرح طرح کے دلفریب وعدے کیے جا رہے ہیں۔ اس درمیان شیوسینا (شندے گروپ) کے ایک رکن اسمبلی کو اپنے گھروں سے دور رہ رہے ووٹرس کو رقم کی پیشکش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں رکن اسمبلی کو واضح طور پر یہ کہتے ہوئے سناجا رہا ہے کہ ان کے اسمبلی کے جو ووٹرس گھر سے باہر رہ رہے ہیں، اگر وہ ووٹ دینے کی غرض سے گھر آتے ہیں تو انہیں آن لائن پیسے ٹرانسفر کر دیئے جائیں گے۔
اس بابت ایک افسر نے جانکاری دی کہ ملزم رکن اسمبلی کے خلاف کیس ہنگولی ضلع میں درج کیا گیا ہے۔ شیوسینا (شندے گروپ) کے لیڈر سنجے بانگر ہنگولی ضلع کے کلمنوری اسمبلی سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کا ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ جو لوگ باہر رہ رہے ہیں، اگر ووٹ دینے کے لئے آنا چاہتے ہیں تو آپ ایسے لوگوں کی تفصیلی فہرست مجھے ایک دو دن میں سونپ دیں۔ رکن اسمبلی نے آگے کہا کہ ان سے کہیئے کہ وہ لوگ گاڑی کرایے پر لے لیں اور آ جائیں۔ انہیں وہ تمام تر سہولیات مہیا کرائی جائیں گی جو وہ چاہتے ہیں، ان کے جو بھی اخراجات ہوں گے وہ ہم ادا کریں گے۔ ان لوگوں کو فون پے (آن لائن پیمنٹ ایپ) پر پیسے ٹرانسفر کر دیئے جائیں گے۔ انہیں یہ بھی بتائیں کہ وہ ہمارے لئے آ رہے ہیں۔
واضح ہو کہ اس ویڈیو کو کچھ علاقائی نیوز چینلوں نے بھی نشر کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس ویڈیو کے تعلق سے ان سے صفائی مانگی تھی جو انہوں نے پیش کر دی تھی۔ اتوار کو کلمنوری پولیس نے بانگر کے خلاف انڈین جوڈیشیل کوڈ کی دفعہ (1)(1)170 (کسی انتخابی حق کا استعمال کرنے کے لیے کسی شخص کو متاثر کرنے کی خاطر رشوت دینا یا ایسے کسی حق کا استعمال کرنے کے لیے کسی شخص کو انعام دینا) اور 173 (رشوت) کے تحت ناقابل شناخت معاملہ درج کیا۔