ممبئی: شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لوک سبھا انتخابات میں لوگوں تک اپنی بات پہنچانے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے ایک نیوز چینل کو دئے گئے انٹرویو میں کہا کہ بے روزگاری اور مہنگائی سے ہر کوئی متاثر ہے اور لوگ بی جے پی کی 10 سال کی حکومت سے ناراض ہیں۔
ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ 10 برسوں کا بی جے پی کا دکھاوا ملک کو نظر آ رہا ہے۔ ہندوتوا کے نظریہ سے متزلزل ہونے کے سوال پر ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ انہوں نے اپنے ہندوتوا کے نظریہ کو ترک نہیں کیا ہے اور مستقبل میں بھی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمارا ہندوتوا گھر میں چولہا جلانے میں مدد کرتا ہے لیکن بی جے پی کا ہندوتوا گھر کو جلا دیتا ہے۔
ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’بی جے پی اس بات پر نشانہ لگا رہی ہے کہ ہم نے کانگریس کے ساتھ ہاتھ ملا کر اپنی پارٹی کے بنیادی ہندوتوا کے نظریہ کو ترک کر دیا۔ جب ہم مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ تھے، کورونا وائرس وبائی مرض سے نمٹنے کا دھاروی ماڈل مقبول ہو گیا تھا اور اس دوران ہم نے کسی کمیونٹی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا۔ بی جے پی کے اس دعویٰ کا کوئی اثر نہیں ہوگا کہ اپوزیشن کی طرف سے ووٹ جہاد کو فروغ دیا جا رہا ہے۔‘‘
ادھو نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نہ تو ہندوتوا کو سمجھ سکتے ہیں اور نہ ہی شیو سینا کے بانی بال ٹھاکرے کے نظریات کو۔ ایک انتخابی ریلی میں پی ایم مودی کا نام لیے بغیر سابق سی ایم ٹھاکرے نے کہا، ’’آپ دعوی کر رہے ہیں کہ ہماری پارٹی کانگریس میں ضم ہو جائے گی، مجھے بی جے پی کی زیادہ فکر ہو رہی ہے۔ 30 سال بی جے پی کے ساتھ رہنے کے باوجود ہم بی جے پی میں ضم نہیں ہوئے۔ اگر ملک کے ووٹرز نے فیصلہ کر لیا ہے کہ آپ 5 جون سے سابق وزیر اعظم ہوں گے تو آپ کی پارٹی کا کیا بنے گا؟ بی جے پی 5 جون کو تقسیم ہو جائے گی!‘‘