جس وقت یہ خبر لکھی جا رہی ہے، ہندوستان میں نئے سال یعنی 2025 کا جشن شروع ہونے میں تقریباً 6 گھنٹے باقی ہیں۔ لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ کئی ممالک میں نیا سال آ چکا ہے اور کئی گھنٹے پہلے ہی ان ممالک میں جشن شروع ہو چکا ہے۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا بھی ان ممالک میں شامل ہیں جہاں نئے سال کا آغاز ہو چکا ہے اور شب کی تاریکی کو پٹاخوں سے روشن کیا جا رہا ہے۔ آئیے یہاں جانتے ہیں کہ کون سے ایسے ممالک ہیں جہاں ہندوستان سے پہلے رات کے 12 بجتے ہیں، اور کہاں ہندوستان کے بعد نئے سال کا جشن شروع ہوتا ہے۔
کئی چھوٹے ممالک اور جزائر ایسے ہیں جہاں ہندوستان سے گھنٹوں پہلے نئے سال کا استقبال کیا جاتا ہے، لیکن کئی ایسے بھی ہیں جہاں ہندوستان کے گھنٹوں بعد نیا سال شروع ہوتا ہے۔ بڑے ممالک کی بات کریں تو نیوزی لینڈ میں نیا سال ہندوستان سے تقریباً 7 گھنٹے قبل دستک دیتا ہے اور امریکہ ایسا ملک ہے جہاں ہندوستان سے تقریباً 9 گھنٹے بعد نئے سال کا آغاز ہوتا ہے۔ اس وقت نیوزی لینڈ و آسٹریلیا ایسے مشہور ممالک ہیں جہاں نئے سال کا جشن شروع ہو چکا ہے اور خوب آتش بازیاں ہو رہی ہیں۔
دیگر ممالک کی بات کریں تو جاپان، جنوبی کوریا اور شمالی کوریا میں جب لوگ نئے سال کا استقبال کر رہے ہوں گے تو ہندوستان میں 31 دسمبر کی شب کے 8.30 بج رہے ہوں گے۔ اس کے بعد چین، فلپائن اور سنگاپور کو نئے سال کا استقبال کرنے کا موقع ملے گا۔ انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور میانمار بھی نئے سال کا جشن ہندوستان سے پہلے منائیں گے۔ اس کے بعد بنگلہ دیش اور نیپال کا نمبر آئے گا۔ ہندوستان اور سری لنکا میں رات کے 12 اس وقت بجیں گے جب ای ایس ٹی ٹائمنگ 1.30 بج رہے ہوں گے… اور یہی وقت ہوگا جب ان دونوں ممالک میں آتش بازیاں شروع ہو جائیں گی، لوگ اپنے قریبیوں کو نئے سال کے پیغامات بھیجیں گے، اور پھر جشن کا دور شروع ہو جائے گا۔
ہندوستان کے بعد نئے سال کا جشن جن ممالک میں منایا جائے گا، ان میں پاکستان اور افغانستان وغیرہ کا نمبر آتا ہے۔ اس ارض پر نئے سال کا استقبال کرنے میں سب سے پیچھے رہنے والے علاقہ کی بات کی جائے تو وہ ہوائی کے جنوب مغرب میں واقع بیکر اور ہاؤلینڈ کے جزائر ہیں۔ ان جزائر پر نئے سال کا استقبال تب ہوگا جب ہندوستان میں یکم جنوری کو شام کے 5.30 بج رہے ہوں گے۔