ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے مشیرِ اعلیٰ پروفیسر محمد یونس نے ہندوستان کے سابق وزیرِ اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہندوستانی ہائی کمیشن ڈھاکہ کا دورہ کیا۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کا 26 دسمبر کو 92 برس کی عمر میں نئی دہلی میں انتقال ہو گیا تھا۔
پروفیسر یونس نے ہائی کمیشن میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور ان کے اعزاز میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے خیالات درج کیے۔ اس موقع پر ہندوستان کے ہائی کمشنر پرنئے کمار ورما نے ان کا استقبال کیا اور ان کے ساتھ مختصر ملاقات کی۔
پروفیسر یونس نے ڈاکٹر سنگھ کے ساتھ اپنی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے ان کی سادگی اور ذہانت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ نے ہندوستان کو عالمی اقتصادی قوت بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
مشیرِ اعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں ڈاکٹر سنگھ کو ایک دوراندیش رہنما، مخلص سیاستدان اور ہندوستانی عوام کی بہبود کے لیے پرعزم شخصیت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ کی قیادت نہ صرف ہندوستان کے مستقبل کے لیے اہم تھی بلکہ بنگلہ دیش اور ہندوستان کے تعلقات کو مضبوط کرنے میں بھی نمایاں رہی۔
پروفیسر یونس نے ڈاکٹر سنگھ کی علاقائی تعاون اور جنوبی ایشیائی ممالک کے اتحاد کے لیے خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت خطے میں امن، خوشحالی اور تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوئی۔ آخر میں، پروفیسر یونس نے جنوبی ایشیائی ممالک سے اپیل کی کہ وہ ڈاکٹر سنگھ کی وراثت کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کریں اور ان کے خیالات کو عملی جامہ پہنائیں۔