ہاپوڑ: اتر پردیش کے ہاپوڑ میں خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک کار اور ٹرک میں تصادم ہو گیا، جس میں ایک ہی کنبہ کے 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ تصادم اتنا بھیانک تھا کہ کار کے پرخچے اڑ گئے۔
رپورٹ کے مطابق، یہ حادثہ دہلی-لکھنؤ ہائی وے این ایچ-9 پر گڑھ کوتوالی علاقہ کے اللہ بخش پور کٹ کے نزدیک پیش آیا۔ کار سوار کنبہ غازی آباد سے گجرولہ کے لئے سفر کر رہا تھا، کہ اچانک دیر رات گئے یہ حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں جان گنوانے والے تمام افراد کا تعلق غازی آباد سے ہے۔
جائے حادثہ پر پہنچی پولیس نے مہلوکین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا دیا ہے۔ حادثہ میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے، جسے علاج کے لئے نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد ہائی پور جام لگ گیا اور آنے جانے والوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
بتایا جا رہا ہے کہ کار ڈرائیور نے اپنا توازن کھو دیا تھا اور کار بے قابو ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے وہ ہائی وے پر بنے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ کار کی رفتار بہت زیادہ تھی، جس کی وجہ سے وہ نیشنل ہائی وے پر پلٹ گئی۔ اسی دوران مخالف سمت سے ایک ٹرک آ رہا تھا، جو کار سے ٹکرا گیا۔