ایران اور اسرائیل کے درمیان حالات دن بہ دن کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔ اس تشویش ناک صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہندوستانی ایئرلائنس کمپنی ایئر انڈیا نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اس نے تل ابیب کے لیے اپنی سبھی پروازوں کو 30 اپریل تک منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے ایئر انڈیا نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کیا ہے۔
ایئر انڈیا نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی حالت کو پیش نظر رکھتے ہوئے تل ابیب سے آنے اور وہاں جانے والی پروازوں کو ہم نے 30 اپریل 2024 تک منسوخ کر دیا ہے۔ حالات پر ہماری نظر ہے۔ ہم اپنے ان مسافروں کو مدد فراہم کر رہے ہیں جو پہلے ہی تل ابیب آنے اور جانے کے لیے بکنگ کر چکے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ گاہکوں اور پائلٹ ٹیم کی سیکورٹی ہماری اعلیٰ ترجیحات میں شامل ہے اور اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔