
نئی دہلی : گھر سے نکلنے والا ہر شخص یہی امید کرتا ہے کہ وہ بحفاظت اپنی منزل تک پہنچ جائے گا، لیکن بھارت میں ہر روز سیکڑوں خاندان سڑک حادثات کے باعث اپنے پیاروں سے محروم ہو رہے ہیں۔ عام طور پر سڑک حادثات کی بڑی وجوہات میں تیز رفتاری، لاپرواہی یا نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کو ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے، تاہم سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی مرکزی وزارت (MoRTH) کی نئی رپورٹ نے اس مسئلے کا ایک اور اہم پہلو اجاگر کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حادثات صرف ڈرائیوروں کی غلطیوں کا نتیجہ نہیں بلکہ خراب سڑکیں، نامکمل تعمیرات، گڑھے، ناقص انجینئرنگ اور بروقت مرمت نہ ہونا بھی ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع کی بڑی وجہ بن رہے ہیں۔وزارت کی “روڈ ایکسیڈنٹس اِن انڈیا-2024” رپورٹ کے مطابق ملک میں ہر روز اوسطاً 80 افراد صرف خراب سڑکوں اور انجینئرنگ کی خامیوں کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سڑکوں کو محفوظ بنانا صرف ٹریفک قوانین پر عمل درآمد تک محدود نہیں بلکہ مضبوط اور معیاری بنیادی ڈھانچے کی تعمیر بھی اتنی ہی ضروری ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر سڑکوں کی تعمیر مقررہ معیار کے مطابق کی جائے، وقتاً فوقتاً مرمت کا نظام مؤثر بنایا جائے اور خطرناک مقامات کی بروقت نشاندہی کرکے ان کی اصلاح کی جائے تو بڑی تعداد میں حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔ حکومت نے اسی مقصد کے تحت قومی شاہراہوں پر 6,358 بلیک کوریڈورز کی نشاندہی کی ہے، جہاں بہتری کے لیے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔حکومتی اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 میں خراب سڑکوں، نامکمل تعمیرات، ناقص ڈیزائن اور دیگر سڑک سے متعلق وجوہات کے باعث 10 ہزار سے زائد حادثات پیش آئے۔ ان حادثات میں تقریباً 29 ہزار افراد زخمی ہوئے، جبکہ قریب 29 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ رپورٹ واضح کرتی ہے کہ محفوظ سڑکوں کی تعمیر اور ان کی باقاعدہ دیکھ بھال سڑک حادثات میں نمایاں کمی لا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں مجموعی سڑک حادثات اور اموات میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ 2021 میں 4.12 لاکھ حادثات میں 1.53 لاکھ افراد ہلاک ہوئے۔ 2022 میں حادثات بڑھ کر 4.61 لاکھ اور اموات 1.68 لاکھ ہو گئیں، جبکہ 2023 میں 4.80 لاکھ حادثات اور 1.72 لاکھ اموات درج کی گئیں۔ 2024 میں یہ تعداد بڑھ کر 4.87 لاکھ حادثات اور 1.77 لاکھ اموات تک پہنچ گئی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2025 کے دوران 5.13 لاکھ سڑک حادثات میں 1.83 لاکھ افراد جان سے گئے، جبکہ 2026 میں اب تک 2.96 لاکھ سڑک حادثات، 1.01 لاکھ اموات اور 3.38 لاکھ زخمیوں کا اندراج ہو چکا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ سڑک حادثات پر قابو پانے کے لیے محفوظ انفراسٹرکچر، معیاری انجینئرنگ، بروقت مرمت اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد ناگزیر ہے۔






