
نئی دہلی: راشٹرپتی بھون میں واقع امرت اُدیان (مغل گارڈن) ایک بار پھر عام لوگوں کے لیے کھلنے جا رہا ہے۔ سرکاری اعلان کے مطابق یہ خوبصورت باغ 3 فروری 2026 سے 31 مارچ 2026 تک عوام کے لیے کھلا رہے گا۔ اس عرصے میں شہری ہفتے میں چھ دن باغ کی سیر کر سکیں گے، تاہم ہر پیر کو دیکھ بھال کے سبب امرت اُدیان بند رہے گا۔ امرت اُدیان کے اوقات صبح دس بجے سے شام چھ بجے تک مقرر کیے گئے ہیں، جب کہ آخری داخلہ شام پانچ بج کر پندرہ منٹ تک دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ چار مارچ کو ہولی کے موقع پر بھی باغ کو عوام کے لیے بند رکھا جائے گا تاکہ انتظامات بہتر رہیں۔
انتظامیہ کے مطابق امرت اُدیان میں داخلے کے لیے کسی قسم کی فیس نہیں لی جائے گی۔ عوام کے لیے داخلہ اور بکنگ مکمل طور پر مفت ہوگی۔ اس مقصد کے لیے شہری راشٹرپتی بھون کی سرکاری ویب سائٹ پر جا کر آن لائن رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔ آن لائن بکنگ کا عمل نہایت آسان رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وہ افراد جو پیشگی آن لائن بکنگ کے بغیر امرت اُدیان پہنچیں گے، ان کے لیے بھی سہولت موجود ہے۔ ایسے واک اِن وزیٹرز کے لیے داخلی دروازے کے قریب سیلف سروس وزیٹر رجسٹریشن کیوسک لگائے جائیں گے، جہاں وہ خود اپنی تفصیلات درج کر کے داخلے کی اجازت حاصل کر سکیں گے۔ امرت اُدیان آنے والے تمام زائرین کے لیے داخلے اور اخراج کا راستہ ایک ہی مقرر کیا گیا ہے۔ تمام افراد کو راشٹرپتی بھون اسٹیٹ کے گیٹ نمبر 35 سے ہی اندر جانا اور باہر آنا ہوگا۔ یہ گیٹ نارتھ ایونیو اور راشٹرپتی بھون کے قریب واقع ہے۔
زائرین کی سہولت کے لیے آمد و رفت کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ میٹرو کے ذریعے آنے والے افراد کے لیے سینٹرل سیکریٹریٹ میٹرو اسٹیشن سے گیٹ نمبر 35 تک شٹل بس سروس فراہم کی جائے گی۔ یہ شٹل بس ہر 30 منٹ کے وقفے سے چلے گی اور صبح نو بج کر 30 منٹ سے شام چھ بجے تک دستیاب رہے گی۔ انتظامیہ کے مطابق عوام سے اپیل ہے کہ وہ قواعد پر عمل کریں اور باغ کی خوبصورتی برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔







