
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے بلے باز ڈیرل مچل نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کرتے ہوئے نمبر ون بلے باز کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ بدھ کے روز جاری کی گئی تازہ رینکنگ میں مچل نے بھارتی اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جو ان کے شاندار فارم کا واضح ثبوت ہے۔ ڈیرل مچل نے حال ہی میں بھارت کے خلاف کھیلی گئی تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس سیریز میں انہوں نے دو شاندار سنچریاں اور ایک نصف سنچری اسکور کی۔ اپنی زبردست بلے بازی کے باعث وہ پلیئر آف دی سیریز قرار پائے اور نیوزی لینڈ کو پہلی بار بھارت میں ون ڈے سیریز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اندور میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں ان کی سنچری کے بعد ہی یہ قیاس لگایا جا رہا تھا کہ وہ آئی سی سی رینکنگ میں سرفہرست بلے باز بن سکتے ہیں، جو اب حقیقت میں بدل گیا ہے۔ مچل نے ایک درجہ ترقی حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔ گزشتہ رینکنگ میں نمبر ون رہنے والے بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی کو ایک درجہ نقصان اٹھانا پڑا ہے اور وہ اب دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں کوہلی نے بھی متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بنائی تھی، تاہم وہ اپنی پہلی پوزیشن برقرار نہ رکھ سکے۔
افغانستان کے ابھرتے ہوئے بلے باز ابراہیم زدران کو بھی ایک درجہ فائدہ ہوا ہے اور وہ تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بھارتی ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما کے لیے یہ سیریز مایوس کن ثابت ہوئی۔ وہ تینوں میچوں میں اچھی شروعات کو بڑی اننگ میں تبدیل نہ کر سکے اور ایک بھی نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے، جس کے باعث وہ ایک درجہ تنزلی کے ساتھ چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
بھارتی کپتان شبھمن گل پانچویں، پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم چھٹے، آئرلینڈ کے ہیری ٹیکٹر ساتویں، ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ آٹھویں، سری لنکا کے چرتھ اسلانکا نویں اور بھارت کے کے ایل راہل دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ راہل کو ایک درجہ فائدہ ہوا ہے، جبکہ شریاس ایئر ایک درجہ نقصان کے ساتھ گیارہویں نمبر پر آ گئے ہیں۔







