دہلی میں بم دھماکہ کی دھمکیاں مستقل ملنے سے پولیس محکمہ میں فکر کا ماحول بڑھ گیا ہے۔ گزشتہ روز دہلی ہائی کورٹ احاطہ میں بم دھماکہ کی دھمکی ملی تھی، جو بعد میں فرضی ثابت ہوئی، اور اب تاج پیلیس کو بم سے اڑانے سے متعلق دھمکی آمیز ای میل نے پورے علاقہ میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ دھمکی ملنے کے بعد سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ ہو گئی ہیں اور تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تاج پیلیس کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا ہے، جس میں بم دھماکہ کی بات کہی گئی ہے۔ اس دھمکی کے بعد پولیس فوراً موقع پر پہنچی اور جانچ شروع کر دی۔ دھمکی ملنے کے بعد تاج پیلیس کے آس پاس بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ جانچ کے دوران فی الحال کسی بھی طرح کا مشتبہ سامان برآمد نہیں ہوا ہے، جس سے یہ دھمکی فرضی معلوم پڑ رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ای میل بھیجنے والے کی شناخت کی جا رہی ہے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ 12 ستمبر کو دہلی ہائی کورٹ میں بم دھماکہ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ دھمکی ملتے ہی عدالتی احاطہ کو فوراً خالی کروایا گیا تھا اور ججوں کے ساتھ ساتھ وکیلوں کو بھی بہ حفاظت باہر نکالا گیا تھا۔ بعد ازاں اینٹی بم اسکواڈ نے پورے عدالتی احاطہ کی تلاشی کی، لیکن کوئی بھی مشتبہ سامان برآمد نہیں ہوا۔ اس دھمکی نے وکیلوں اور ملازمین کے درمیان خوف کا ماحول بنا دیا تھا۔ بہرحال، پولیس نے ہائی کورٹ احاطہ میں سیکورٹی انتظام مزید مضبوط کر دیا ہے۔ سیکورٹی فورسز کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا سامنا کیا جا سکے۔