پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے ہفتہ کے روز عیدالاضحیٰ پر سبھی کو مبارکباد پیش کی۔ محبوبہ مفتی نے حضرت بل درگاہ میں نماز کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’فلسطین میں جو مسلمانوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، اس سلسلے میں دعا مانگی کہ انھیں اس ظلم سے نجات ملے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ہم نے فلسطین کے لوگوں کی بھلائی کے لیے دعا کی ہے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ فلسطین جلد ہی اسرائیل کی طرف سے کیے جا رہے مظالم سے آزاد ہو۔ اس دوران محبوبہ مفتی کے ساتھ ان کی بیٹی اور پی ڈی پی لیڈر التجا مفتی بھی موجود تھیں۔
واضح رہے کہ محبوبہ مفتی لگاتار مرکزی اور ریاستی حکومت پر حملہ آور ہیں۔ گزشتہ دنوں انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی تھی۔ اس دوران انھوں نے کشمیری پنڈتوں کی وادی میں واپسی اور امرناتھ یاترا میں ان کی شراکت داری یقینی بنانے پر گفتگو کی تھی۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران انھوں نے کہا تھا کہ کشمیری پنڈتوں کے بغیر کوئی سیاسی عمل پورا نہیں ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے مطالبہ کیا تھا کہ جن بے گناہ کشمیری مسلمانوں کو جیل میں ڈالا گیا، ان کو چھوڑا جانا چاہیے۔