ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کا خطابی مقابلہ 11 جون سے انگلینڈ کے لارڈس میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں نے اس اہم میچ سے قبل پریکٹس شروع کر دی ہے۔ حالانکہ فائنل مقابلہ سے قبل دونوں ٹیموں کے سابق کھلاڑیوں کے درمیان زبانی جنگ کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان ایرون فنچ اور جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے دونوں ہی ٹیموں کے حوالے سے بڑا بیان دیا ہے۔
آسٹریلیا کے سابق کپتان ایرون فنچ نے کہا کہ اگر آپ دیکھیں تو دونوں ٹیموں کا باؤلنگ اَٹیک ایک جیسا ہی ہے۔ آسٹریلیا کے پاس 4 شاندار تیز گیند باز کے ساتھ ساتھ ایک اسپنر ناتھن لیون بھی ہیں۔ اگر جنوبی افریقہ کی بات کی جائے جو تو ان کے پاس رباڈا اور لنگی انگیڈی جیسے اچھے گیند باز ہیں۔ ان دونوں کے علاوہ مارکو یانسن اور کیشو مہاراج بھی وکٹ لینے میں ماہر ہیں۔ دونوں ٹیمیں تقریباً متوازن ہیں لیکن میرے حساب سے آسٹریلیا تھوڑی سی اوپر ہے، کیونکہ اس نے زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلا ہے۔
جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ یہ جنوبی افریقہ کرکٹ کے لیے بہت ہی بڑا لمحہ ہے، لارڈس میں فائنل کھیلنا بہت بڑی بات ہے۔ پورا ملک ہماری ٹیم کو سپورٹ کرے گا، ہم آنے والے چیلنج کے لیے بہت پُرجوش ہیں۔ یہ کافی اچھی ٹیم ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ ہم آسٹریلیا کو شکست دے سکتے ہیِ، ہم انہیں پریشان کر سکتے ہیں۔ ڈی ویلیئرزکے مطابق آسٹریلیا آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل جیتنے کا مضبوط دعویدار ہے۔ آسٹریلیا کافی تجربہ کار ٹیم ہے اور ساؤتھ افریقہ کے لیے آسٹریلیا کو ہرانا آسان نہیں ہوگا۔ لیکن جنوبی افریقہ کے کھلاڑی اس وقت شاندار فارم میں ہیں۔