
مدورانتکم ، تمل ناڈو: وزیر اعظم نریندر مودی نے تمل ناڈو کے مدورانتکم میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کی عوام سے کہا کہ تمِل ناڈو اب تبدیلی چاہتا ہے اور ڈی ایم کے کی بدانتظامی اور کرپشن سے نجات حاصل کرنا چاہتا ہے۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ ریاست کو ترقی یافتہ، محفوظ اور بدعنوانی سے پاک بنایا جانا چاہیے اور ڈی ایم کے حکومت کے جانے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’آپ نے ڈی ایم کے کو دو بار اکثریت دی، مگر انہوں نے عوام کا اعتماد توڑا۔ وعدے بہت کیے مگر کام صفر رہا۔ آج ریاست کی عوام ڈی ایم کے اور سی ایم سی (کرپشن، مافیا، کرائم) دونوں کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ یہاں ڈبل انجن کی حکومت کا قیام یقینی ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمل ناڈو میں موجود حکومت صرف ایک خاندان کی خدمت میں مصروف ہے۔ ’’ڈی ایم کے میں جو لوگ آگے بڑھنا چاہتے ہیں، ان کے پاس صرف تین چار راستے ہیں خاندان پرستی، کرپشن اور جرم۔ یہی لوگ آگے بڑھ رہے ہیں اور ریاست کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ہر بچہ جانتا ہے کہ کہاں کرپشن ہو رہی ہے اور یہ پیسہ کس کی جیب میں جا رہا ہے‘‘۔ وزیر اعظم مودی نے ریاست کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ زمین ہے جس نے ملک کی تہذیب اور ثقافت کو فروغ دیا۔ ’’ہر شعبے میں تمل ناڈو نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ آج جب بھارت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ہمیں ریاست کو ڈی ایم کے کی زنجیروں سے آزاد کرنا ہوگا۔ جتنی جلدی یہ ممکن ہوگا، بھارت اتنی جلدی آگے بڑھے گا‘‘۔
مودی نے گذشتہ 11 سال میں این ڈی اے کی مرکزی حکومت کی ریاست کے لیے خدمات کا بھی ذکر کیا۔ ’’پہلے کی حکومتوں نے تمل ناڈو کو بہت کم فنڈ دیا، مگر این ڈی اے حکومت نے گزشتہ 11 سال میں تین لاکھ کروڑ روپے فراہم کیے، جو پچھلی حکومت کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برسوں میں ریاست کے عوام کے ویلفیئر کے لیے کروڑوں روپے کی مدد فراہم کی گئی ہے۔ ’’پہلے، کانگریس-ڈی ایم کے کے دور میں غریب، ایس سی-ایس ٹی اور او بی سی کے ویلفیئر کے نام پر صرف گھوٹالے ہوتے تھے۔ این ڈی اے حکومت نے ریل بجٹ سات گنا زیادہ دیا اور کسانوں کے لیے بینک اکاؤنٹس کھولے اور پی ایم کسان سمّان ندھی جیسی اسکیمیں شروع کیں‘‘۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ پی ایم کسان سمّان ندھی اسکیم کے تحت اب تک ملک کے کسانوں کو تقریباً چار لاکھ کروڑ روپے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ ’’تمِل ناڈو کے لاکھوں کسانوں کے اکاؤنٹس میں 12,700 کروڑ روپے بھیج دیے گئے ہیں، جو ان کی مالی حالت کو مستحکم بنانے اور ترقی کی راہ ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے‘‘۔ مودی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں ایک شفاف، ترقی پسند اور کرپشن سے پاک حکومت کے قیام کے لیے متحد ہوں، تاکہ تمل ناڈو جلد سے جلد ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو۔ اس خطاب میں وزیر اعظم نے ڈی ایم کے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے ریاست کے لیے نقصان دہ اور بدعنوانی کو فروغ دینے والی قرار دیا اور عوام سے کہا کہ وہ تبدیلی کے لیے اپنا ووٹ استعمال کریں تاکہ تمل ناڈو میں ڈبل انجن کی ترقیاتی حکومت قائم ہو سکے۔





