دہلی ہائی کورٹ نے بابا رام دیو کے خلاف ہمدرد کے ذریعہ داخل مقدمے کا نمٹارا کر دیا ہے۔ جسٹس امت بنسل نے مقدمہ سے متعلق جاری حکم میں کہا کہ مدعا علیہان کی طرف سے حلف نامے داخل کیے گئے ہیں، جو انھیں مقدمہ میں دیے گئے بیانات سے جوڑتے ہیں۔ مدعی کے وکیل نے مزید راحت کا مطالبہ نہیں کیا، اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے مقدمہ سے متعلق حکم جاری کیا جاتا ہے۔
دراصل ’شربت جہاد‘ سے متعلق بابا رام دیو کے بیان اور ’روح افزا‘ سے متعلق کیے گئے تبصرہ کے بعد ’روح افزا‘ بنانے والی کمپنی ’ہمدرد‘ نے بابا رام دیو پر مقدمہ کر دیا تھا۔ گزشتہ سماعت میں بابا رام دیو نے حلف نامہ داخل کیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ہمدرد اور روح افزا سے متعلق ویڈیوز انھوں نے ہٹا لیے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی وعدہ کیا تھا کہ وہ کمپنی کے خلاف ایسا دوبارہ نہیں کریں گے۔ سماعت کے دوران پتنجلی اور رام دیو کی طرف سے سینئر وکیل راجیو نایر پیش ہوئے، جبکہ ہمدرد کی جانب سے سینئر وکیل سندیپ سیٹھی موجود تھے۔