ترومالا تروپتی دیوستھانم (ٹی ٹی ڈی) گئوشالہ میں انتظامیہ کی لاپروائی کے سبب گایوں کے مرنے کا دعویٰ کرنے پر آندھرا پردیش پولیس نے ٹی ٹی ڈی کے سابق چیف اور وائی ایس آر سی پی لیڈر بی کروناکر ریڈی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ٹی ٹی ڈی بورڈ کے رکن بھانوپرکاش ریڈی نے تروپتی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ہرش وردھن راجو کے پاس شکایت درج کرائی کہ کروناکر ریڈی کا یہ دعویٰ جھوٹا ہے کہ ایس وی گئوشالہ میں انتظامیہ کی لاپروائی کے سبب 100 گایوں کی موت ہوئی ہے۔ پولیس نے کروناکر ریڈی کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق بھانو پرکاش ریڈی نے کروناکر ریڈی کے دعووں کو جھوٹ پر مبنی اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا ہے کہ ان جھوٹے بیانات کے سبب عقیدتمندوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ دراصل کروناکر ریڈی نے گئوشالہ میں موجود گایوں کی بڑی تعداد میں اموات سے متعلق دعوے کیے تھے، جس کے بعد کافی ہنگامہ برپا ہوا۔ اس معاملے میں الزامات کا دور بھی شروع ہوا، اور اب کروناکر ریڈی کے خلاف پولیس میں معاملہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔