کرکٹ کے شیدائیوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے دی ہے۔ اولمپک میں کرکٹ کو شامل کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کافی وقت سے چل رہا تھا اور کئی مراحل کی گفتگو کے بعد اب آخر کار ممبئی میں ہوئے آئی او سی کے 141ویں اجلاس میں کرکٹ کو آفیشیل طور پر انٹری مل گئی ہے۔ کرکٹ کو 2028 کے لاس اینجلز اولمپک میں شامل کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔ یعنی 128 سال بعد اولمپک میں کرکٹ کی واپسی ہونے جا رہی ہے۔ آخری مرتبہ 1900 کے ایڈیشن میں اولمپک میں کرکٹ کھیلا گیا تھا۔
غور کرنے والی بات یہ ہے کہ صرف 6 ٹیموں کو ہی لاس اینجلز اولمپکس میں انٹری دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔ ایسے میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کون سی 6 ٹیمیں اولمپک میں حصہ لے پائیں گی۔ اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں 12 فل ممبر ممالک ہیں، جبکہ 94 ایسو سی ایٹ ممالک شامل ہیں۔ آئی او سی کی میٹنگوں میں فیصلہ لیا گیا ہے کہ اولمپکس 2028 میں مرد اور خاتون زمرہ کی 6-6 ٹیمیں شامل کی جائیں گی، جنھیں ٹی-20 فارمیٹ میں میڈل کے لیے مقابلہ کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ دونوں زمروں میں 90-90 اتھلیٹس کے کوٹہ کی بھی منظوری ملی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہر ٹیم اولمپک کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ آئی او سی نے پہلے ہی آئی سی سی سے کہہ دیا تھا کہ ٹورنامنٹ میں کرکٹ کا معیار اعلیٰ ہونا چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ آئی سی سی نے دنیا کی سب سے بہترین 6-6 ٹیموں کو شامل کرنے کی تجویز آئی او سی کے سامنے پیش کی تھی۔ فی الحال یہ طے نہیں کیا گیا ہے کہ ٹیموں کے کوالیفکیشن کا ضابطہ کیا ہوگا۔ حالانکہ ایسی خبریں ضرور ہیں کہ میزبان ہونے کی وجہ سے امریکہ کی ٹیم کو براہ راست انٹری مل سکتی ہے۔ باقی بچی 5 ٹیموں کے لیے آئی سی سی کی رینکنگ کو بنیاد بنایا جا سکتا ہے۔ یعنی آئی سی سی کی ٹاپ-5 ٹیمیں اولمپک میں شامل ہو سکتی ہیں۔ اس کے لیے ایک کٹ آف تاریخ بھی طے کیا جا سکتا ہے۔