ملک میں موسم کا مزاج مسلسل بدل رہا ہے۔ کہیں تیز ہوا چل رہی ہے تو کہیں شدید گرمی ہے، کہیں بوندا باندی ہو رہی ہے تو کہیں لُو چل رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بھی گرمی کو لے کر اَپڈیٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی ہند کے کئی حصوں میں 2 اپریل سے گرمی بڑھنے کا امکان ہے۔ دہلی-این سی آر میں درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ گرمی بڑھے گی۔ اگلے چار سے پانچ دنوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اپریل کے پہلے ہفتہ سے گرمی بڑھنے لگے گی۔ ملک کی کئی ریاستوں خاص کر دہلی، اتر پردیش، راجستھان، بہار، مہاراشٹر، گجرات، چھتیس گڑھ، کرناٹک، تلنگانہ میں درجہ حرارت بڑھنے سے لوگوں کو چلچلاتی گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کئی علاقوں میں لُو چلے گی۔ اس کے علاوہ بدھ کو گجرات اور تلنگانہ میں گرج، بجلی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 2 سے 4 اپریل کے دوران اوڈیشہ اور مہاراشٹر، 5 اپریل تک تمل ناڈو، پڈوچیری، کیرالہ اور کرناٹک، آندھرا پردیش میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
دہلی-این سی آر کی بات کی جائے تو یہاں لوگوں پر گرمی کا ستم مسلسل بڑھ رہا ہے۔ درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ دہلی سمیت اتر پردیش، راجستھان اور بہار جیسی ریاستوں میں اگلے کچھ دنوں میں پارہ 40 ڈگری سیلسیس تک جا سکتا ہے۔ جس کی وجہ سے اپریل میں ہی لوگوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مہاراشٹر، گوا، کیرالہ سمیت 6 ریاستوں میں تیز بارش کے آثار ہیں۔
اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ودربھ، مدھیہ پردیش، کرناٹک، تلنگانہ، مہاراشٹر، گوا، اوڈیشہ، چھتیس گڑھ اور آندھرا پردیش میں 60-40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں گی۔