خلا سے ہندوستان کیسا نظر آتا ہے؟ یہ سوال سنتے ہی سبھی کو خلاباز راکیش شرما اور سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے درمیان ہوئے مکالمہ کی یاد آ جاتی ہے۔ اب یہی سوال خلا میں 286 دن گزارنے کے بعد واپس آنے والی ’ناسا‘ کی ہند نژاد خلائی مسافر سنیتا ولیمس سے بھی کیا گیا ہے۔ ان کا جواب بھی دل کو چھو لینے والا ہے۔ راکیش شرما سے جب اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے پوچھا تھا کہ خلا سے ہندوستان کیسا نظر آتا ہے تو انہوں نے شاعر علامہ اقبال کی لائن ’سارے جہاں سے اچھا‘ کہی تھی۔ اب چار دہائی بعد خلاباز سنیتا ولیمس نے ہندوستان کو شاندار قرار دیا ہے۔
جب سنیتا ولیمس سے پوچھا گیا کہ خلا سے ہندوستان کیسا نظر آتا ہے تو انہوں نے جواب دیا، ’’شاندار، بالکل شاندار‘‘۔ سنیتا ولیمس ہندوستان کے بارے میں اکثر باتیں کرتی رہتی ہیں۔ اس بار وہ خلا سے ہندوستان کا دیدار کرکے مسحور ہو گئیں۔ انہوں نے ہندوستان کی خوبصورتی کی خوب تعریف کی۔
ولیمس نے بتایا، ’’میں نے پہلے اس کا ذکر اس لہر کی طرح کیا ہے جو واضح طور سے تب ہوئی جب پلیٹیں ٹکرائیں اور پھر، جیسے ہی یہ بھارت میں بہتی ہے، یہ کئی کئی رنگوں میں ہوتی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ جب آپ مشرق سے گجرات اور ممبئی میں آتے ہیں اور (آپ دیکھتے ہیں) مچھلی پکڑنے کا بیڑا جو وہاں ساحل سے دور ہے، یہ آپ کو تھوڑا سا اشارہ دیتا ہے، یہاں ہم بھارت کے اوپر ہیں۔ پورے ہندوستان میں مجھے لگتا ہے کہ مجھے روشنی کا نیٹ ورک نظر آ رہا تھا اور بڑے شہروں سے چھوٹے شہروں تک جا رہا تھا۔ رات کو دیکھنا غیر معمولی تھا۔ دن کے دوران یقینی طور سے ہمالیہ توجہ کھینچتا تھا۔‘‘
سنیتا ولیمس سے یہ بھی سوال کیا گیا کہ کیا وہ ہندوستانی خلائی اُڑان پروگرام میں مدد کریں گی۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے امید ہے کہ ہم کسی بھی وقت ملیں گے اور ہندوستان میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ساتھ اپنے تجربات کا اشتراک کریں گے، جتنا ممکن ہو سکے، کیونکہ یہ ایک عظیم ملک اور ایک شاندار جمہوریت ہےـ‘‘
ہندوستان کے دورے کے سوال پر ولیمس نے کہا کہ وہ اپنے ’والد کے ملک‘ کا سفر کرنے کی امید کرتی ہیں۔ وہیں خلائی اسٹیشن پر ان کے معاون بُچ ولمور بھی ہندوستان کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔