ایک طرف ’چمپئنز ٹرافی 2025‘ اپنے آخری مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے، اور دوسری طرف ’آئی پی ایل 2025‘ کی سرگرمیاں زور پکڑتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کے شیدائی کافی وقت سے اس بات کو لے کر قیاس آرائیاں کر رہے تھے کہ ٹیم کا کپتان کسے بنایا جائے گا، اب اس تعلق سے باضابطہ اعلان ہو گیا ہے۔ کے کے آر نے ہندوستانی ٹیم سے باہر چل رہے اجنکیا رہانے کو کپتان مقرر کیا ہے۔ ساتھ ہی آل راؤنڈر ونکٹیش ایئر کو ٹیم کی نائب کپتانی سونپی گئی ہے۔
کے کے آر نے آفیشیل طور پر اجنکیا رہانے کو کپتان بنانے کی جانکاری دی، اور یہ خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تبصروں کا دور شروع ہو گیا۔ 23.75 کروڑ روپے میں خریدے گئے ونکٹیش ایئر کی نائب کپتانی بھی سرخیوں میں ہے۔ نئے کپتان اور نائب کپتان کا اعلان کرتے ہوئے ٹیم کے چیف ایگزیکٹیو افسر وینکی میسور نے کہا کہ ’’ہمیں اجنکیا رہانے جیسے شخص کو پا کر خوشی ہے، جو ایک لیڈر کی شکل میں تجربہ اور پختگی کی علامت ہیں۔ اس کے علاوہ ونکٹیش ایئر کے کے آر کے لیے ایک فرنچائزی کھلاڑی رہے ہیں اور ان میں قیادت کی بہت ساری خوبیاں ہیں۔ ہمیں بھروسہ ہے کہ جب ہم اپنے خطاب کا دفاع شروع کریں گے تو وہ اچھا تعاون پیش کریں گے۔‘‘
کے کے آر کی کپتانی ملنے پر اجنکیا رہانے کا بھی رد عمل سامنے آ گیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’آئی پی ایل میں سب سے کامیاب فرنچائزی میں سے ایک کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس ایک بہترین اور متوازن ٹیم ہے۔ میں سبھی کے ساتھ کام کرنے اور اپنے خطاب کا دفاع کرنے کا چیلنج لینے کے لیے پُرجوش ہوں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ’آئی پی ایل 2024‘ میں کے کے آر نے خطاب جیتا تھا۔ فائنل میں اس نے سنرائزرس حیدر آباد کو شکست دی تھی۔ یہ کامیابی کے کے آر نے شریئس ایئر کی کپتانی میں حاصل کی تھی، لیکن ’آئی پی ایل 2025‘ کی نیلامی سے پہلے ٹیم نے اپنے چمپئن کپتان کو ریلیز کر دیا تھا۔ اس سے ہر کوئی حیران رہ گیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی ٹیم کو نئے کپتان کی تلاش تھی۔ اب 22 مارچ سے شروع ہونے والے ’آئی پی ایل 2025‘ میں کے کے آر اجنکیا رہانے کی کپتانی میں میدان پر اترتی دکھائی دے گی۔