2 دنوں بعد چمپئنز ٹرافی شروع ہونے والا ہے، اور اس سے عین قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے ایک شرمناک حرکت دیکھنے کو ملی ہے۔ پی سی بی نے چمپئنز ٹرافی میں شامل سبھی ممالک کے پرچم کو لاہور واقع اسٹیڈیم میں لگایا ہے، لیکن ہندوستانی پرچم کو نہیں لگایا۔ اصولوں کے مطابق آئی سی سی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ والی جگہ پر سبھی ممالک کا پرچم اسٹیڈیم میں لگایا جاتا ہے، لیکن پی سی بی نے اس اصول پر عمل نہیں کیا۔
چمپئنز ٹرافی میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جس میں سے 7 ممالک کے پرچم لاہور واقع قذافی اسٹیڈیم میں لگائے گئے، لیکن ہندوستانی پرچم وہاں نہیں لگایا گیا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس کے بعد اس تعلق سے تنازعہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس حرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہدف تنقید بھی بنایا جا رہا ہے۔
ایسا دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ چونکہ ہندوستانی ٹیم چمپئنس ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں گئی، اس لیے پی سی بی نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ ہندوستانی ٹیم چمپئنس ٹرافی میں اپنے سبھی میچ دبئی میں کھیلنے والی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کو پاکستان میں سیکورٹی کا خطرہ ہے، اور حکومت ہند نے ہندوستانی ٹیم کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی۔ یہی وجہ ہے کہ بی سی سی آئی نے پاکستان میں اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا۔ اس بات سے پاکستان بہت ناراض ہے، اور ممکن ہے اسی لیے اس نے ہندوستانی پرچم کو قذافی اسٹیڈیم میں نہیں لگایا۔