تہاڑ جیل میں قید ٹھگ سُکیش چندر شیکھر نے ایک مرتبہ پھر اروند کیجریوال کے نام خط لکھا ہے۔ دہلی اسمبلی انتخاب کے نتائج کے فوراً بعد اس نے عام آدمی پارٹی کے کنویز اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے نام خط لکھا ہے، جس میں اس نے طنز کستے ہوئے کیجریوال اور عام آدمی پارٹی کو دہلی میں شکست کی مبارک باد دی ہے۔ سُکیش نے خط میں طنزیہ انداز میں لکھا کہ آپ کی ساری انا آپ کے ساتھ بیت الخلاء میں بہہ گئی۔ علاوہ ازیں سکیش نے لکھا کہ سب سے پہلے میں آپ کو، منیش جی اور ستیندر جین جی کو اپنی اپنی سیٹیں ہارنے کے لیے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ کی بدعنوان پارٹی عآپ اقتدار سے باہر ہو گئی۔
سُکیش چندر شیکھر نے خط میں یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس نے پہلے ہی کہا تھا کہ کیجریوال اپنی سیٹ گنوا دیں گے اور پارٹی اقتدار سے باہر ہو جائے گی۔ سکیش نے خط میں آگے لکھا کہ آپ کے پاس میرے پچھلے خطوط محفوظ ہیں تو براہ کرم انہیں دیکھیں۔ میں نے آپ کو 3، 6 اور 8 ماہ قبل ہی چیلنج کیا تھا کہ آپ انتخاب ہار جائیں گے۔ آج وہی ہوا ہے۔ ساتھ ہی اس نے لکھا کہ ’’آپ کی ساری انا آپ کے ساتھ ہی بیت الخلاء میں بہہ گئی ہے۔ دہلی کے عوام نے آپ کو اور آپ کی دنیا کی سب سے بدعنوان پارٹی کو سچ مُچ لات مار دی ہے۔ اگلی دفعہ پنجاب سے بھی عآپ کا صفایا ہو جائے گا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سکیش چندر شیکھر منی لانڈرنگ اور ٹھگی کے کئی معاملات میں تہاڑ جیل میں بند ہے۔ اس سے قبل بھی وہ کیجریوال اور عآپ لیڈران کے خلاف کئی خط لکھ چکا ہے۔ واضح ہو کہ سکیش نے 2024 کے فروری ماہ میں بھی اروند کیجریوال کو ایک خط لکھا تھا۔ اس خط میں اس نے وزیر اعلیٰ کیجریوال پر اپنے اہل خانہ کو دھمکی دینے کا الزام عائد کیا تھا۔ اس وقت سکیش نے کہا تھا کہ ’’ایک موبائل نمبر سے مسلسل فون کر کے گزشتہ کئی روز سے اس کے اہل خانہ کو دھمکایا جا رہا ہے۔‘‘ ساتھ ہی اس نے کیجریوال کو دھمکی دی تھی کہ وہ جلد ہی انہیں سی بی آئی کے سامنے بے نقاب کر دیں گے۔