ہندوستانی کپتان روہت شرما نے کٹک میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے یک روزہ میچ میں شاندار سنچری لگا کر ہندوستان کو بہترین جیت سے ہم کنار کیا۔ طویل مدت سے خراب فارم کے شکار روہت نے آخر کار چمپئنز ٹرافی سے عین قبل ایسی اننگ کھیلی، جس نے نہ صرف ان کے شیدائیوں کو خوش کر دیا، بلکہ ان لوگوں کو خاموش کر دیا جو ان پر سوال اٹھا رہے تھے۔ ہندوستانی کپتان نے انگلینڈ کے خلاف محض 90 گیندوں مین 119 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس اننگ کے دوران انھوں نے 7 چھکے اور 12 چوکے لگائے۔
اپنی اس اننگ کے بعد روہت شرما کافی جذباتی دکھائی دیے۔ انھوں نے بی سی سی آئی کو دیے ایک انٹرویو میں اپنے ناقدین اور شیدائیوں کے لیے کچھ اہم باتیں کہی ہیں۔ بی سی سی آئی نے جو ویڈیو جاری کیا ہے اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی بات رکھنے سے پہلے کچھ دیر رکتے ہیں۔ اس وقت ان کی آنکھیں نم نظر آ رہی تھیں اور وہ جذبات سے بھی لبریز تھے۔ تھوڑی دیر رکنے کے بعد وہ کہتے ہیں ’’میں اسی بارے میں بات کر رہا تھا۔ دیکھو، اگر اتنے سالوں میں کسی کھلاڑی نے طویل وقت تک کرکٹ کھیلا ہو، اس نے رن بنائے ہوں تو وہ کچھ تو معنی رکھتا ہے۔ میں اس کھیل کو بہت وقت سے کھیل رہا ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ مجھے کیا کرنا ہے۔ میں نے آج وہی کیا جو مجھے کرنا تھا۔ میرے دماغ میں صرف اپنے طریقے سے کھیلنا تھا۔ ایک اور دو اننگ میرے دماغ کو نہیں بدل سکتی۔ یہ دن بھی روز کی طرح ہی تھا۔‘‘
روہت شرما اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہتے ہیں ’’جب بھی میں پچ پر جاتا ہوں تو میں اچھی کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ کبھی اچھا ہوتا ہے اور کبھی نہیں ہوتا۔ میرے لیے یہی معنی رکھتا ہے کہ میری سوچ کتنی صاف اور واضح ہے۔ اس کے علاوہ میرے لیے کچھ معنی نہیں رکھتا۔‘‘ روہت شرما جب اپنی یہ باتیں کیمرے کے سامنے رکھ رہے تھے تو بہت مطمئن نظر آ رہے تھے۔ انھوں نے اپنی بات بہت وضاحت کے ساتھ رکھی اور یہ بھی صاف کر دیا کہ وہ آگے بھی کھیلنے کے اپنے اسی انداز کو برقرار رکھیں گے۔
واضح رہے کہ روہت شرما گزشتہ کافی وقت سے دباؤ میں تھے۔ وہ رن نہیں بنا پا رہے تھے، اور خاص طور سے ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی کارکردگی انتہائی فکر انگیز رہی تھی۔ آسٹریلیا دورے میں بھی وہ بری طرح ناکام رہے تھے۔ گزشتہ ماہ جنوری کی ہی بات ہے جب آسٹریلیا کے خلاف انھوں نے خود کو ہی پلیئنگ الیون سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ نہیں کھیلے تھے۔ لیکن اب حالات بدل چکے ہیں۔ روہت شرما کی یہ سنچری نہ صرف ان پر سے دباؤ کو ہٹائے گی، بلکہ آگے بھی بہترین اننگ کھیلنے کے لیے حوصلہ بخشے گی۔