آئی سی سی کے سالانہ ایوارڈ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ کو ایک اہم ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جسپریت بمراہ کو ’آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر‘ منتخب کیا گیا ہے۔ بمراہ نے گزشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ بشمول بارڈر-گواسکر ٹرافی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے ہندوستان کے علاوہ غیر ملکی سرزمین پر بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ واضح ہو کہ جسپریت بمراہ 2023 کے آخر میں پیٹھ کی چوٹ سے واپسی کے بعد 2024 میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
جسپریت بمراہ نے 2024 میں کُل 13 ٹیسٹ میچ کھیلے اس دوران انہوں نے 14.92 کی اوسط سے 71 وکٹیں حاصل کیں۔ ساتھ ہی وہ گزشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیند باز بھی رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی گیند باز 60 وکٹ بھی حاصل نہیں کر سکا۔ واضح ہو کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے ایک ’کلینڈر ایئر‘ میں 70 سے زائد وکٹ لینے والے کُل 17 گیند باز ہیں لیکن کسی نے بھی جسپریت بمراہ جیسی کم اوسط سے اتنی وکٹیں حاصل نہیں کیں۔ اگر ہندوستانی کھلاڑیوں کی بات کی جائے تو جسپریت بمراہ چوتھے ایسے گیند باز ہیں جنہوں نے ایک کلینڈر ایئر میں 70 سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔
جسپریت بمراہ سے قبل بھی 5 ہندوستانی کھلاڑیوں کو ’آئی سی کرکٹر آف دی ایئر‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ جسپریت بمراہ سے قبل جن ہندوستانی کھلاڑیوں کو ’آئی سی کرکٹر آف دی ایئر‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ان میں راہل ڈراوڑ، گوتم گمبھیر، ویریندر سہواگ، روی چندرن اشون اور وراٹ کوہلی شامل ہیں۔ پانچوں ہندوستانی کھلاڑیوں میں کوئی بھی تیز گیند باز شامل نہیں ہیں۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو جسپریت بمراہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے پہلے ایسے تیز گیند باز ہیں جنہیں اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے ’آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر‘ منتخب کیے جانے کے بعد جسپریت بمراہ نے کہا کہ ’’یہ فارمیٹ میرے دل کے بہت قریب ہے۔ میں ہمیشہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتا تھا۔ گزشتہ سال میرے لیے کافی خاص رہا۔ میں نے بہت ساری چیزیں سیکھیں اور میچ بھی جیتے۔ ’ویزاگ‘ میں اولی پوپ کا وکٹ میرے لیے سب سے اسپیشل رہا۔ اس وکٹ کی وجہ سے میچ کا مومینٹم بدل گیا تھا۔ اس ایوارڈ کو حاصل کر کے میں بہت خوش ہوں۔‘‘