جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں آج دردناک حادثہ پیش آیا ہے۔ ضلع کے شیو نگر میں ایک گھر میں آگ لگ جانے سے 6 لوگوں کی جان چلی گئی۔ وہیں 4 لوگوں کو ریسکیو کرکے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ جائے وقوع پر پہنچے افسروں نے بتایا کہ صبح میں یہاں ایک گھر میں آگ لگ گئی جس میں 2 بچوں سمیت 4 لوگوں کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی۔ افسروں کے مطابق مقامی لوگوں نے صبح قریب ڈھائی بجے آگ دیکھی اور وہ گھر کی طرف دوڑے، وہاں پہنچنے پر دیکھا کہ پورے گھر میں گھنا دھواں بھر گیا ہے جبکہ گھر میں رہنے والے لوگ سو رہے تھے۔ اس کے بعد متاثرین کو کٹھوعہ کے سرکاری میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا، جہاں دو نابالغوں سمیت 6 افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا۔
اسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر نے کہا کہ 10 لوگوں کو اسپتال لایا گیا جن میں 6 افراد کی موت پہلے ہی ہوچکی تھی جبکہ دیگر 4 زخمی تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ متاٖثرین کی موت دھواں منھ کے اندر جانے کے بعد دم گھٹنے سے ہوئی۔ مہلوکین کی شناخت ادوک رینا (4)، تکشک رینا (3)، دانش بھگت (15)، گنگا بھگت (17)، برکھا رینا (25) اور اوتار کرشن (81) کے طور پر ہوئی ہے۔
کٹھوعہ کے جس گھر میں آلگ لگی ہے، یہاں پر سبکدوش ڈی ایس پی 81 سالہ اوتار کرشنا رینا کا کنبہ رہ رہا تھا جو خود بھی اور ان کے کنبہ کے تین دیگر رکن جل کر مارے گئے ہیں، جبکہ ہلاک ہوئے دو دیگر ان کے پڑوسی کنبہ کے تھے، آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے، پولیس کی جانچ جاری ہے۔
جی ایم سی کٹھوعہ کے پرنسپل سریندر کمار نے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد جتنے بھی لوگ اسپتال میں مردہ لائے گئے ہیں، ان کے جسم پر جلنے کے زیادہ زخم نہیں ہیں۔ یعنی زیادہ تر کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔ مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں، جن کی عمر 3 اور 4 سال کی بتائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مردہ ڈی ایس پی کی بیٹی اور 2 بھائی کے بیٹے ہیں، ان سب کی عمر 17، 25 اور 15 سال کے درمیان ہے۔