ایک تازہ ترین تحقیق نے بدترین موسم میں انسانی وجہ سے عالمی حرارت میں اضافہ کے کردار کا جائزہ لیا ہے۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ انسانی وجہ سے عالمی حرارت میں اضافہ کے اثرات بہت شدید ہیں، جبکہ پچھلے چار سالوں میں درجہ حرارت قبل از صنعتی دور سطح سے اوسط صرف1.2 سینٹی گریڈ بڑھا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ شدید گرمی کا امکان ہندوستان میں 45 گنا زیادہ اور اسرائیل اور فلسطین میں پانچ گنا زیادہ ہے۔ سائنسدانوں نے کہا کہ بلند درجہ حرارت نے غزہ میں پہلے سے ہی سنگین انسانی بحران کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے، جہاں جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے لوگ بھیڑ بھری پناہ گاہوں میں رہ رہے ہیں اور جہاں پانی تک رسائی مشکل ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق اپریل میں فلپائن کو جھلسانے والی ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر موسمیاتی بحران کے بغیر ناممکن تھی۔ اپریل میں پورے ایشیا میں 40 سینٹی گریڈ سے زیادہ گرمی پڑی، جس سے اموات، پانی کی قلت، فصلوں کے نقصانات اور اسکولوں کی بڑے پیمانے پر بندش ہوئی۔ مارچ کے آخر میں ایک اور ہیٹ ویو نے مغربی افریقہ اور ساحل کے علاقہ کو نشانہ بنایا، جس سے دوبارہ اموات ہوئیں، اور مالی میں درجہ حرارت 48.5 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ بہت سے ممالک میں شدید گرمی سے ہونے والی اموات کم ریکارڈ کی جاتی ہیں لیکن ماضی میں کی گئی تحقیق بتاتی ہے کہ پچھلی دو دہائیوں کے دوران لاکھوں لوگ مر چکے ہیں۔ یورپ میں، جہاں ریکارڈنگ بہتر ہے، گزشتہ دہائی میں گرمی سے ہونے والی اموات میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ایشیا میں شدید گرمی
سائنسدانوں نے آنے والے بدتر حالات سے خبردار کیا ہے۔ اگر عالمی درجہ حرارت 2 سینٹی گریڈ تک بڑھ جاتا ہے تو، فلپائن میں ہر دو سے تین سال بعد اور اسرائیل، فلسطین اور قریبی ممالک میں ہر پانچ سال بعد اپریل کی شدید گرمی کا اعادہ متوقع ہے۔ دنیا کے سیکڑوں اعلی آب و ہوا کے سائنسدانوں نے حال ہی میں برطانوی اخبار گارجین کو بتایا کہ وہ جیواشم ایندھن (فوسل فیول) کے جلانے کو ختم کرنے میں عالمی سطح پر عدم فعالیت کی توقع کرتے ہیں جس کے نتیجے میں کم از کم 2.5 سینٹی گریڈ حرارت بڑھےگی۔
امپیریل کالج لندن میں ڈاکٹر فریڈریک اوٹو، ورلڈ ویدر اکاونٹبلٹی (ڈبلیو ڈبلیو اے) اسٹڈی ٹیم کے ایک رکن نے کہا کہ غزہ سے اور منیلا تک، ایشیا میں اپریل کے درجہ حرارت میں اضافے کے بعد لوگوں کو تکلیف ہوئی اور اموات ہوئیں۔ تیل، گیس اور کوئلے کے اخراج سے پیدا ہونے والی اضافی گرمی بہت سے لوگوں کی موت کا باعث بن رہی ہے۔
ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ کلائمیٹ سینٹر میں گرمی کے خطرے سے متعلق کنسلٹنٹ ڈاکٹر کیرولینا پیریرا مرغیدان نے کہا کہ گرمی نے واقعی غزہ میں پہلے سے ہی سنگین انسانی بحران کو بڑھا دیا ہے، جہاں بے گھر ہونے والی آبادی کو خوراک، پانی، صحت کی دیکھ بھال اور عام طور پر رہنے والوں تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ وہاں بھیڑ بھری پناہ گاہیں جو گرم ہیں، یا لوگ باہر رہتے ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیو اے کی تحقیق میں تین علاقوں کا جائزہ لیا گیا جو اپریل میں شدید گرمی کا شکار تھے۔ عالمی حرارت نے اسرائیل، فلسطین، شام، لبنان اور اردن میں درجہ حرارت 1.7 سینٹی گریڈ اور فلپائن میں 1 سینٹی گریڈ زیادہ گرم کر دیا، جہاں 4000 اسکول بند کر دیے گئے۔ جنوبی ایشیائی خطے کا جائزہ لیا بشمول بنگلہ دیش، میانمار، لاؤس، ویت نام، تھائی لینڈ ، کمبوڈیا اور ہندوستان ، جہاں درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔
ڈاکٹر فریڈریک اوٹو کے مطابق، جب شدید گرمی کی بات آتی ہے تو موسمیاتی تبدیلی ایک گیم چینجر ہے۔ اس مطالعے میں آج کے گرم آب و ہوا اور انسانی وجہ سے حرارت کے بغیر آب و ہوا میں ہیٹ ویو کے امکانات کا موازنہ کرنے کے لیے موسم کے اعداد و شمار اور آب و ہوا کے ماڈلز کا استعمال کیا گیا۔ محققین نے پایا کہ موجودہ’ الـنینو‘ موسمیاتی سائیکل، جو عالمی درجہ حرارت کو بڑھاتا ہے، گرمی کی لہروں کے بڑھتے ہوئے امکانات پر بہت کم اثر ڈالتا ہے۔
ڈاکٹر کیرولینا پیریرا مرغیدان نے کہا کہ ایشیا میں دنیا کے سب سے بڑے اور تیزی سے ترقی کرنے والے شہر شامل ہیں۔ اس تیزی سے شہری کاری نے بہت سے معاملات میں غیر منصوبہ بند ترقی، شہروں میں کنکریٹ میں اضافہ، اور بہت سے شہروں میں سبز جگہ کو انتہائی نقصان پہنچایا ہے۔ آؤٹ ڈور ورکرز جیسے کاشتکار اور اسٹریٹ وینڈرز اور غیر رسمی رہائش میں رہنے والے افراد خاص طور پر متاثر ہوتے ہیں ۔
مطالعاتی ٹیم کا حصہ رہی امپیریل کالج لندن کی ڈاکٹر مریم زکریا کے مطابق، سینکڑوں انتساب کے مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کس طرح گلوبل ہیٹنگ پہلے ہی دنیا بھر میں انتہائی موسم کو سپرچارج کر رہی ہے، اور جب تک دنیا اخراج کو کم کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر، بے مثال اقدامات نہیں کرتی(یعنی درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنا) شدید گرمی ایشیا میں اور بھی زیادہ مصائب کا باعث بنے گی۔
امریکہ میں طوفان کا موسم
دریں اثنا، کم دباؤ سے مشرقی کناڈا اور شمال مشرقی امریکہ میں درجہ حرارت میں اضافے کی توقع ہے، جب کہ مغرب میں درجہ حرارت گر جائے گا۔ حالیہ ہفتوں میں وقفے وقفے کے بعد، امریکہ میں طوفان کا موسم دوبارہ شروع ہوا۔ 19 مئی کو کنساس میں 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں اور ٹینس بال کے سائز کے اولےگرے۔ شدید طوفانوں کے لحاظ سے اب تک یہ ایک مصروف موسم رہا ہے۔ وسطی امریکہ میں کم دباؤ کا ایک علاقہ، خلیج میکسیکو سے آنے والی نمی کے ساتھ مل کر، ممکنہ طور پر متعدد ریاستوں میں طوفان اور بڑے اولوں کا خطرہ جاری رکھے گا۔
اس ہفتے کے آخر میں یہ کم دباؤ نہ صرف پورے امریکہ میں شدید موسم کا باعث بن سکتا ہے، بلکہ پورے امریکہ اور کناڈا میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے ۔ مشرقی کناڈا اور شمال مشرقی امریکہ میں، درجہ حرارت اوسط سے زیادہ 10 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اوٹاوا اور ڈیٹرائٹ جیسے شہروں میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30سینٹی گریڈہو سکتا ہے۔
اس کے باوجود کناڈا اور امریکہ کے مغربی علاقوں میں درجہ حرارت تقریباً 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔ اس ہفتے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دو ہندسوں تک پہنچنے کی توقع ہے، اس سے پہلے کہ شمالی امریکہ براعظم کے تمام حصوں میں درجہ حرارت اوسط کے قریب پہنچ جائے۔
جنوبی امریکہ میں درجہ حرارت اسی طرح بدلتا رہے گا۔ جب کہ برازیل اور پیراگوئے کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت اوسط سے 6 سے 8 سینٹی گریڈ زیادہ ہو جائے گا، چلی اور ارجنٹائن کے بڑے حصے اس ہفتے کے آخر میں موسم سرما کا پہلا ذائقہ لیں گے کیونکہ درجہ حرارت معمول سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
جنوبی کوریا میں برف باری
جنوبی کوریا کے مشرقی گینگون صوبے کے پہاڑی علاقوں میں اس ماہ کے شروع میں غیر معمولی طور پر شدید برف باری ہوئی تھی۔ 8 اور 9 مئی کے دوران، سیورکسان نیشنل پارک کے سوچیونگ پناہ گاہ میں 40 سینٹی میٹر تک برف گری، جب کہ اس کے جنگچیونگ پناہ گاہ میں 20 سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ پہاڑوں پر فصل کی کٹائی سے پہلے اس غیر متوقع برف باری نے نقصان پہنچایا۔ دوسری جانب جنوب مغربی آسٹریلیا میں، 10 مئی کو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کا طاقتور طوفان بنبری شہر سے ٹکرایا۔ طوفان کے باعث علاقے میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا اور بجلی کی تاریں گر گئیں۔