نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے بدھ کو شراب کے مبینہ گھوٹالے میں عام آدمی پارٹی کے رہنما اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی عدالتی تحویل میں 30 مئی تک توسیع کر دی۔ خیال رہے کہ سسودیا کی عدالتی حراست بدھ کو ختم ہو گئی۔ راؤس ایونیو کورٹ کی جج کاویری باویجا نے حراست میں توسیع کا حکم دیا۔
منگل کو ائی کورٹ کے جسٹس سوارن کانتا شرما کی بنچ نے سسودیا کی درخواست ضمانت پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ سماعت کے دوران ای ڈی کے وکیل ذہیب حسین نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ تحقیقاتی ایجنسی جلد ہی عام آدمی پارٹی (عآپ) کو شراب گھوٹالہ میں ملزم بنائے گی اور ایک ضمنی چارج شیٹ داخل کرے گی۔
تحقیقاتی ایجنسی نے پایا ہے کہ 45 کروڑ روپے کے جرم کی آمدنی، جو ‘ساؤتھ گروپ’ سے ‘رشوت’ کا حصہ تھی، کو عآپ نے 2021-22 کے گوا اسمبلی انتخابات میں مہم کے لیے استعمال کیا تھا۔ اس سے قبل ٹرائل کورٹ نے سابق ڈپٹی سی ایم کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ سسودیا کی ضمانت کی عرضی فروری سے زیر التوا ہے۔