کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتر پردیش کی رائے بریلی لوک سبھا سیٹ سے جمعہ کے روز اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کر دیا۔ راہل گاندھی نے اس سیٹ پر پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے مقررہ وقت سے بمشکل ایک گھنٹہ پہلے اپنا پرچہ داخل کیا۔
اس سے قبل کانگریس نے رائے بریلی لوک سبھا سیٹ پر کھڑے کیے جانے والے امیدوار سے متعلق جاری کشمکش والی حالت سے پردہ ہٹاتے ہوئے آج صبح راہل گاندھی کی امیدواری کا اعلان کیا تھا۔ رائے بریلی گزشتہ دو دہائیوں سے ان کی ماں سونیا گاندھی کا انتخابی حلقہ رہا ہے۔ ساتھ ہی امیٹھی سے کشوری لال شرما کو امیدوار بنانے کا اعلان کانگریس نے کیا۔ آج کشوری لال شرما نے بھی امیٹھی لوک سبھا سیٹ سے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کر دیا۔
بہرحال، آج جب راہل گاندھی نے رائے بریلی لوک سبھا سیٹ سے پرچۂ نامزدگی داخل کیا تو ان کے ساتھ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے علاوہ سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی بھی موجود تھیں۔ راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت بھی اس دوران گاندھی کنبہ کے ساتھ دکھائی دیے۔
امیٹھی کے فرصت گنج ہوائی اڈہ پر پہنچنے کے بعد راہل گاندھی پارٹی کے سینئر لیڈران اور مقامی کارکنان کے ساتھ رائے بریلی میں ضلع مجسٹریٹ دفتر پہنچے اور اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔ اس دوران کانگریس لیڈران و کارکنان کے علاوہ انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈران بھی بڑی تعداد میں نظر آئے۔