بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے مسلمانوں سے ووٹ مانگتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ نے ہمیں ووٹ نہیں دیا تو آپ کی حالت پرانے وقتوں جیسی ہو جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پہلے مدارس کو تسلیم نہیں کیا جاتا تھا، ہم نے انہیں منظوری دی۔ ہم نے مدارس میں پڑھانے والوں کو سرکاری سطح پر اعزازیہ دینا شروع کیا۔ اس دوران انہوں نے پرانی حکومتوں کے دور کے حالات کا بھی ذکر کیا۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ پہلے قبرستانوں کے رقبوں پر ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان تنازعہ ہوا کرتا تھا، ہم نے ان کی نشاندہی کی اور قبرستانوں کی گھیرا بندی کی۔ نتیش کمار نے کہا کہ مسلم برادری کو ووٹ دیتے وقت یہ سب یاد رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ ہم لوگوں کو ختم کر دیں گے تو آپ کی حالت پرانے وقتوں جیسی ہو جائے گی، آپ کو کوئی نہیں دیکھے گا، صرف پریشانی ہوگی، کوئی انتظام نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نتیش کمار نے مسلمانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم مسلمانوں کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ 2005 سے پہلے جب ہم نہیں تھے تو اس وقت صرف جھگڑا ہی ہوتا رہتا تھا۔ یہ لوگ ہندوؤں اور مسلمانوں کو آپس میں لڑاتے تھے۔ مگر جب ہم آئے تو ہم نے لڑائی کو بالکل ختم کرا دیا۔ ہمارے آنے کے بعد ہندو مسلم تنازعہ مکمل طور پر ختم ہو گیا۔ اب بتاؤ کیا آپ ہمیں بھول جائیں گے اور اسی (اپوزیشن) کو ووٹ دیں گے؟