منی پور میں سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران تشدد بھڑک اٹھا۔ دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق منی پور کے مویرانگ اسمبلی حلقے کے تھامن پوکپی میں پولنگ بوتھ پر فائرنگ کی گئی۔ وہیں چھتیس گڑھ کے بیجاپور سے دھماکہ کی اطلاع موصول ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق بیجاپور کے چہکا گاؤں میں الیکشن ڈیوٹی کے دوران آئی ای ڈی دھماکہ ہوا، جس میں سی آر پی ایف کے ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ زخمیو ہو گئے۔ پولیس نے دھماکی کی تصدیق کی ہے۔
مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے بھنڈارا میں پولنگ بوتھ پراپنا ووٹ ڈالا۔
لوک سبھا انتخابات 2024 کے پہلے مرحلے میں جن 102 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، ان میں مہاراشٹر کی بھنڈارا کی سیٹ بھی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے بھنڈارا میں پولنگ بوتھ پراپنا ووٹ ڈالا۔
کوچ بہار سے کانگریس کی امیدوار پیا رائے چودھری نے اپنا ووٹ ڈالا
کوچ بہار سے کانگریس کی امیدوار پیا رائے چودھری نے اپنا ووٹ ڈالا۔ بی جے پی نے یہاں سے مرکزی وزیر نیسیت پرمانک کو میدان میں اتارا ہے۔
صبح 11 بجے تک کس ریاست میں کتنے فیصد ووٹنگ درج کی گئی؟
الیکشن کمیشن کے مطابق صبح 11 بجے تک جزائر انڈمان نکوبار میں 21.82 فیصد، اروناچل پردیش میں 19.34 فیصد، آسام میں 27.22 فیصد، بہار میں 20.42 فیصد، چھتیس گڑھ میں 28.12 فیصد، جموں و کشمیر میں 22.60 فیصد، لکشدیپ میں 16.3 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
اس کے علاوہ مدھیہ پردیش میں 30.46 فیصد، مہاراشٹر میں 19.17 فیصد، منی پور میں 25.84 فیصد، میگھالیہ میں 33.12 فیصد، میزورم میں 27 فیصد، ناگالینڈ میں 23.28 فیصد، پڈوچیری میں 28.10 فیصد، راجستھان میں 22.51 فیصد، سکم میں 21.20 فیصد، تمل ناڈو میں 23.72، تریپورہ میں 34.54 فیصد، اتر پردیش میں 25.20 فیصد، اتراکھنڈ میں 24.83 فیصد اور مغربی بنگال میں 33.56 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
بی جے پی کے لوگ خاص مذہب کے لوگوں کو دھمکا رہے ہیں! سماجوادی پارٹی
لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلہ کے تحت یوپی کی 8 سیٹوں پر جاری ووٹنگ کے درمیان سماجوادی پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ خاص مذہب سے تعلق رکھنے والوں کو بی جے پی کے لوگوں کی طرف سے دھمکایا جا رہا ہے۔ ایس پی نے ایکس پر لکھا، ’’مرادآباد لوک سبھا کے ٹھاکر دوارا میں بوتھ نمبر 381، 382، 383 پر بی جے پی کے لوگو خاص مذہب کے لوگوں کو دھمکا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے، غیرجانب دارانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔
مظفرنگر میں 12.1 فیصد، بجنور میں 9.3 فیصد پولنگ
پہلے مرحلے کے تحت اتر پردیش کی 8 سیٹوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ مظفرنگر میں صبح 9 بجے تک 12.1 فیصد پولنگ درج گیا، جبکہ بجنور میں 9.3 فیصد پولنگ درج ہوا۔ اس کے علاوہ سہارنپور میں 11 فیصد، مرادآباد میں 11.76 فیصد، کیرانہ میں 9.2 فیصد، نگینہ میں 13.9 فیصد اور پیلی بھیت میں 13.36 فیصد پولنگ درج کیا گیا۔
آئین، سیکولرازم اور جمہوریت کی حفاظت کے لیے صد فیصد ووٹنگ کریں: ارشد مدنی
پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے ووٹروں سے صد فیصد ووٹنگ کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا، ’’ووٹ ہمارا جمہوری حق ہے۔ آئین، سیکولرازم اور جمہوریت کی حفاظت کے لئے صد فیصد ووٹنگ کریں۔‘‘
19 Apr 2024, 9:32 AM
اپنے ایک ووٹ سے مہنگائی، بے روزگاری، نفرت اور ناانصافی کو ہرائیں: کانگریس
کانگریس نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا، ’’آپ کا ایک ووٹ مہنگائی، بے روزگاری، نفرت اور ناانصافی کو مٹا سکتا ہے۔ ووٹ ضرورت دیں۔ اپنے ایک ووٹ سے مہنگائی، بے روزگاری، نفرت اور ناانصافی کو ہرائیں۔‘‘
پی ایم مودی نے ووٹروں سے ووٹ دینے کی اپیل کی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، “جمہوریت کا سب سے بڑا جشن آج سے شروع ہو رہا ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 102 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ان تمام سیٹوں کے ووٹروں سے میری درخواست ہے کہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں اور ووٹنگ کا نیا ریکارڈ بنائیں، میری ان نوجوان دوستوں سے خصوصی اپیل ہے جو پہلی بار ووٹ ڈالنے جا رہے ہیں، کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں۔‘‘
تمل ناڈو: سابق مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے شیو گنگا میں ڈالا ووٹ
سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے رہنما پی چدمبرم نے تمل ناڈو کے شیو گنگا میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ووٹ دینے کے بعد انہوں نے کہا، ’’مجھے بہت خوشی اور فخر ہے کہ میں لوک سبھا کے انتخابات میں اپنا ووٹ ڈال سکا۔ جہاں تک تمل ناڈو کا تعلق ہے، مجھے یقین ہے کہ انڈیا بلاک تمام 39 پارلیمانی نشستوں پر سیٹوں پر جیت درج کرے گا۔‘‘
آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے ناگپور میں ووٹ ڈالا
آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں ووٹ ڈالا ہے۔ اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد موہن بھاگوت نے کہا، ’’ووٹ دینا ہمارا فرض ہے، ووٹ دینا ہمارا حق ہے، صد فیصد ووٹنگ ہونی چاہیے، اس لیے آج میں نے پہلا کام ووٹ دینے کا کیا ہے۔‘‘
لوک سبھا انتخابات: پہلے مرحلے کے تحت 21 ریاستوں کی 102 سیٹوں پر ووٹنگ جاری
لوک سبھا انتخابات 2024 کے پہلے مرحلے کے تحت 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 102 نشستوں پر ووٹنگ شروع ہو چکی ہے۔ اس مرحلے میں 1600 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 9 مرکزی وزراء، 2 سابق وزرائے اعلیٰ اور ایک سابق گورنر شامل ہیں۔ ووٹنگ صبح 7 بجے سے شروع ہوئی، جو کہ شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ آج اروناچل پردیش اور سکم کی 92 اسمبلی سیٹوں پر بھی ووٹنگ ہو رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں 16.63 کروڑ سے زیادہ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ ان میں 8.4 کروڑ مرد اور 8.23 کروڑ خواتین ووٹر ہیں۔ ان میں سے 35.67 لاکھ ووٹر ایسے ہیں جو پہلی بار ووٹ ڈال رہے ہیں، جبکہ 20 سے 29 سال کی عمر کے ووٹروں کی تعداد 3.51 کروڑ ہے۔ ان کے لیے 1.87 لاکھ پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔
پہلے مرحلے کی ووٹنگ سے قبل سی ای سی راجیو کمار کا ردعمل
سی ای سی راجیو کمار نے کہا، ’’ہم نے بہت محنت کی ہے۔ ہم نے سیکورٹی کے حوالے سے کافی تیاریاں کی ہیں، حالانکہ زیادہ تر ریاستوں میں تشدد کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اب تک کوئی تشدد نہیں ہوا ہے۔‘‘