
سری نگر: پی ڈی پی لیڈر التجا مفتی نے جموں و کشمیر پولیس سب انسپکٹر بھرتی امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کو لے کر جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) پر سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سب انسپکٹر بھرتی امتحان کو بغیر کسی تاخیر کے ملتوی کیا جائے۔
پی ڈی پی لیڈر التجا مفتی نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’یہ بالکل واضح ہے کہ نظام کے اندر گہرائی تک جڑا ایک منظم بھرتی مافیا امیدواروں کی اہلیت کو نظر انداز کرکے سرکاری نوکریوں کی بولی لگوا رہا ہے۔‘‘
انہوں نے سوال اٹھایا، ’’بتایا جائے کہ جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ 29 نومبر کو پولیس سب انسپکٹر بھرتی امتحان منعقد کرانے پر اب بھی کیوں بضد ہے؟ ان امتحانات پر جائز سوالات اٹھنے کے باوجود ایڈمٹ کارڈ کیوں جاری کیے گئے ہیں؟ سب انسپکٹر بھرتی امتحان کو بغیر کسی تاخیر کے فوری طور پر ملتوی کیا جائے۔‘‘
اسسٹنٹ امتحان میں بے ضابطگیوں کے خلاف بھی احتجاج
التجا مفتی نے جموں و کشمیر میں ’فنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ‘ امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف جاری احتجاج کے درمیان یہ مطالبہ کیا ہے۔ جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے خلاف ہفتہ کو بھی بڑی تعداد میں نوجوان سری نگر کے ایس کے پارک میں جمع ہوئے۔ سابق رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے مبینہ بے ضابطگیوں کے باعث امتحان ملتوی کرنے کے طلبہ کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا، ’’جب امتحانی نظام ہی سوالات کے گھیرے میں ہو اور گھوٹالے سامنے آچکے ہوں تو طلبہ کو منصفانہ موقع ملنے کا یقین کیسے دلایا جاسکتا ہے؟‘‘
امتحانات ملتوی ہوں، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے: آغا روح اللہ
انہوں نے کہا کہ امتحانات ملتوی کیے جانے چاہئیں، بے ضابطگیوں کے لیے ذمہ داری طے ہونی چاہیے اور دوبارہ امتحان منعقد کرانے سے پہلے ضروری اصلاحات نافذ کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کو طلبہ سے بات کرنی چاہیے اور ان کے خدشات دور کرنے چاہئیں، تاکہ امتحانی عمل پر ان کا اعتماد دوبارہ بحال ہوسکے۔
2022 اور 2023 میں بھی منسوخ ہوئے تھے تین امتحانات
ایک امیدوار ساحل نے آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’بے ضابطگیوں کی وجہ سے 2022 اور 2023 میں جے کے ایس ایس بی کے تین امتحانات منسوخ کردیے گئے تھے۔ منصفانہ عمل کی امید کے باوجود طلبہ کو مسلسل مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ان کی شکایات پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امتحانی نظام شفاف ہونا چاہیے اور تمام امیدواروں کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں، جہاں نوکریاں پیسے یا بدعنوانی کے بجائے اہلیت کی بنیاد پر دی جائیں۔






