
نئی دہلی: اڈانی ایئرپورٹس ہولڈنگز لمیٹڈ (اے اے ایچ ایل) کے یوزرکے لیے تیار کردہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’’اڈانی ون‘‘ نے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے صرف 10 ماہ کے اندر اپنے مربوط ایئرپورٹ لائلٹی پروگرام ’’اڈانی ریوارڈز‘‘ کے 50 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ اراکین بنا لیے ہیں۔ کمپنی نے اس کامیابی کو ہندوستان میں ڈیجیٹل ایئرپورٹ سروسز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت قرار دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ’’اڈانی ریوارڈز‘‘ ملک کے پہلے مربوط ایئرپورٹ لائلٹی پروگراموں میں شمار ہوتا ہے اور یہ اے اے ایچ ایل کے زیر انتظام سات ریاستوں میں واقع تمام آٹھ ہوائی اڈوں پر دستیاب ہے۔ اس پروگرام کے تحت مسافر ’’اڈانی ون” ایپ کے ذریعے خریداری، کھانے پینے اور دیگر ایئرپورٹ سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ریوارڈ پوائنٹس حاصل کر سکتے ہیں، جنہیں بعد میں مختلف سہولیات کے لیے استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ مسافر تیزی سے ڈیجیٹل خدمات کو اپنا رہے ہیں، جو نہ صرف سفر کو آسان بناتی ہیں بلکہ روزمرہ کے اخراجات پر بھی اضافی فوائد فراہم کرتی ہیں۔اے اے ایچ ایل نے بتایا کہ رواں سال کے اختتام تک ایک ٹئیر بیسڈ ممبرشپ ماڈل متعارف کرانے کا منصوبہ ہے، جس کے ذریعے بار بار فضائی سفر کرنے والے مسافروں کو مزید خصوصی سہولیات، ذاتی نوعیت کی خدمات اور اضافی مراعات فراہم کی جائیں گی۔ کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں 50 لاکھ اراکین کا ہندسہ عبور کرنا ’’اڈانی ریوارڈز‘‘ کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ ان کے مطابق مستقبل قریب میں نئے فیچرز شامل کیے جائیں گے، ممبران کے فوائد میں اضافہ کیا جائے گا اور اے اے ایچ ایل کے زیر انتظام تمام ہوائی اڈوں پر یوزر کو مزید بہتر تجربہ فراہم کرنے کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
کمپنی نے بتایا کہ مسافر خریداری کے وقت صرف اپنے موبائل نمبر کے ذریعے فوری طور پر ’’اڈانی ریوارڈز‘‘ پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں۔ بعد میں حاصل ہونے والے ریوارڈ پوائنٹس کو ’’اڈانی ون‘‘ ایپ کے ذریعے مفت کھانے پینے، پریمیم ایئرپورٹ سہولیات اور دیگر خصوصی فوائد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اڈانی ایئرپورٹس کے مطابق دیوالی، ونٹرفیسٹ اور حالیہ سمر کارنیول جیسے موسمی مہمات نے خصوصی آفرز اور منفرد تجربات کے ذریعے یوزر کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ کمپنی آئندہ مہینوں میں اس پروگرام کو مزید وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ کیرالہ کے ترواننت پورم سے لے کر آسام کے گوہاٹی تک اس کے پورے ایئرپورٹ نیٹ ورک میں اس کی مقبولیت مزید بڑھے۔ واضح رہے کہ اڈانی ایئرپورٹس ہولڈنگز لمیٹڈ، جو ملک کی سب سے بڑی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ایئرپورٹ آپریٹر کمپنی ہے، اس وقت ممبئی، احمد آباد، لکھنؤ، منگلورو، جے پور، گوہاٹی، ترواننت پورم اور نئے نوی ممبئی ایئرپورٹ سمیت آٹھ ہوائی اڈوں کا انتظام سنبھال رہی ہے۔







