
نئی دہلی :ملک میں ایمرجنسی نافذ کیے جانے کے 50 سال مکمل ہونے کے بعد این سی ای آر ٹی نے پہلی بار نویں جماعت کی سماجی علوم کی نئی کتاب میں 1975-1977 کے ایمرجنسی دور کو شامل کیا ہے۔ نئی کتاب “Understanding Society: India and Beyond“ میں اس دور کو بھارتی جمہوریت کے لیے سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔این سی ای آر ٹی کے ایک عہدیدار نے بھی تصدیق کی ہے کہ نویں جماعت کے نصاب میں پہلی مرتبہ ایمرجنسی پر الگ سے مواد شامل کیا گیا ہے۔
کتاب میں کیا پڑھایا جائے گا؟
نئی کتاب میں لکھا گیا ہے کہ:”بھارت میں جمہوریت کو درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک 1975 سے 1977 کے درمیان نافذ کی گئی ایمرجنسی تھی۔ 1970 کی دہائی کے آغاز میں اندرا گاندھی کی قیادت والی حکومت کے خلاف عوامی ناراضی بڑھ رہی تھی۔ بڑھتی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی اور بدانتظامی کے الزامات کے باعث ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔”کتاب میں مزید کہا گیا ہے کہ جون 1975 میں “اندرونی بدامنی” کی بنیاد پر قومی ایمرجنسی نافذ کی گئی، جس دوران بیشتر بنیادی حقوق معطل کر دیے گئے، پریس پر سنسرشپ نافذ کی گئی اور متعدد سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس دور میں جمہوری اداروں پر شدید دباؤ پڑا اور شہری آزادیوں کو محدود کر دیا گیا۔
بی جے پی نے فیصلے کا خیرمقدم کیا
بی جے پی نے این سی ای آر ٹی کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔ دہلی حکومت میں وزیر آشیش سود نے کہا کہ نئی نسل کو ملک کی تاریخ کے اس اہم دور کے بارے میں مکمل معلومات ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا:”اظہارِ رائے کی آزادی کیا ہوتی ہے؟ اعلان شدہ اور غیر اعلانیہ ایمرجنسی میں کیا فرق ہوتا ہے؟ نئی نسل کو یہ سب جاننا چاہیے۔”
کانگریس کا حکومت پر تنقید
دوسری جانب کانگریس نے اس فیصلے پر سخت اعتراض کیا ہے۔ کانگریس رہنما جیوردھن سنگھ نے بی جے پی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت بچوں کی درسی کتابوں میں بھی سیاست کر رہی ہے۔انہوں نے کہا:”بی جے پی کی واحد پالیسی لوگوں کے ذہنوں میں ابہام پیدا کرنا اور ان کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا ہے۔ آج ہر نوجوان بہتر تعلیم اور ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتا ہے، لیکن حکومت نصابی کتابوں کو بھی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔”انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ کانگریس نے کئی دہائیوں تک حکومت کی، لیکن کبھی بچوں کے مستقبل کے ساتھ سیاست نہیں کی۔
جے پرکاش نارائن تحریک کا بھی ذکر
کتاب میں لوک نائک جے پرکاش نارائن کے کردار کو بھی نمایاں طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ ان کی قیادت میں چلنے والی عوامی تحریکوں، خصوصاً بہار اور گجرات میں، طلبہ اور شہریوں کو منظم کیا گیا۔کتاب کے مطابق:”1977 میں ایمرجنسی ختم کی گئی اور عام انتخابات کرائے گئے، جس سے عوام کو ووٹ کے ذریعے اپنی رائے ظاہر کرنے کا موقع ملا۔ اُس وقت برسرِ اقتدار حکومت کی شکست نے بھارتی جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔”این سی ای آر ٹی کی اس نئی تبدیلی نے سیاسی بحث کو جنم دے دیا ہے، جہاں ایک طرف حکومت اور بی جے پی اسے تاریخی حقائق سے نئی نسل کو روشناس کرانے کی کوشش قرار دے رہے ہیں، تو دوسری جانب کانگریس اور بعض اپوزیشن جماعتیں اسے نصاب کے سیاسی استعمال سے تعبیر کر رہی ہیں۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







