
نئی دہلی : دہلی-این سی آر میں ان دنوں موسم نہایت خوشگوار بنا ہوا ہے اور لوگوں کو گرمی سے واضح راحت محسوس ہو رہی ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کی تازہ پیش گوئی کے مطابق پورے ہفتے بادلوں کی آمد و رفت جاری رہے گی، جب کہ درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق 20 مارچ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری اور کم سے کم 16 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ 21 مارچ کو درجہ حرارت بڑھ کر 27/14 ڈگری رہا، جب کہ 22 مارچ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 اور کم سے کم 16 ڈگری رہنے کی توقع ہے۔ 23 مارچ کو درجہ حرارت تقریباً 31/17 ڈگری رہنے کے ساتھ دن بھر بادل چھائے رہیں گے اور ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔اس کے بعد 24 اور 25 مارچ کو بھی درجہ حرارت بالترتیب 31/17 اور 32/17 ڈگری رہنے کی پیش گوئی ہے، جب کہ آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ پورے ہفتے کے دوران کسی بھی قسم کی شدید موسمی وارننگ جاری نہیں کی گئی، جسے “نو وارننگ” کی صورتحال قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب فضائی معیار میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) گرین اور یلو زون میں پہنچ گیا ہے، جو صاف اور نسبتاً بہتر ہوا کی نشاندہی کرتا ہے۔ دہلی کے علی پور میں AQI 67، آنند وہار میں 125، اشوک وہار میں 82 اور چاندنی چوک میں 119 ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح کینٹ ایریا میں 137 اور بوانا میں 99 AQI درج کیا گیا۔نوئیڈا اور غازی آباد میں بھی فضائی معیار بہتر رہا۔ نوئیڈا کے مختلف سیکٹرز میں AQI 81 سے 96 کے درمیان جبکہ غازی آباد کے اندراپورم، لونی، سنجے نگر اور وسندھرا میں 73 سے 141 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سسٹم (ویسٹرن ڈسٹربنس) کے فعال ہونے کے باعث بادلوں کی موجودگی برقرار ہے، جس سے نہ صرف درجہ حرارت میں کمی آئی ہے ،بلکہ ہوا بھی صاف ہوئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند دنوں تک یہی خوشگوار موسم برقرار رہے گا، جس سے عوام کو گرمی اور آلودگی دونوں سے راحت ملتی رہے گی۔





