
نئی دہلی: دہلی اور اس سے ملحقہ این سی آر کے علاقوں میں موسم نے اچانک کروٹ لے لی ہے۔ منگل کے روز ہونے والی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث سردی میں واضح اضافہ درج کیا گیا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے موسم کی خرابی کے پیش نظر دہلی-این سی آر کے لیے یلو الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کے باعث روزمرہ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ منگل کی صبح دہلی-این سی آر میں دن کا آغاز گھنے کہرے اور دھند کے ساتھ ہوا، جس کے بعد تیز اور سرد ہواؤں نے سردی کی شدت کو مزید بڑھا دیا۔ کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ موسم محکمہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ دن بھر ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جس کے سبب موسم مزید سرد ہو سکتا ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی، این سی آر، ہریانہ اور راجستھان کے کئی حصوں میں آندھی، گرج چمک، بجلی گرنے اور درمیانی سے بھاری بارش کے امکانات موجود ہیں۔ ہریانہ کے صفیدوں، بر والا، مہَم، کھرکھودہ اور فرید نگر سمیت متعدد علاقوں کے لیے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ اسی طرح دہلی کے نریلا، بوانا، علی پور، کنجھاولہ، روہنی، منڈکا اور جعفر پور جیسے علاقوں میں ژالہ باری کے ساتھ تیز بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ تیز ہواؤں اور بجلی گرنے کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ خاص طور پر کھلے علاقوں میں کام کرنے والے افراد کو احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔
بارش اور خراب موسم کے باعث ٹریفک نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ دھند اور گیلی سڑکوں کی وجہ سے دہلی اور نوئیڈا کے کئی علاقوں میں ٹریفک جام کی صورتحال دیکھنے میں آئی۔ دفاتر اور تعلیمی اداروں جانے والے افراد کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے چار دنوں کے دوران دہلی-این سی آر میں سردی کا اثر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اندازوں کے مطابق دن کا درجہ حرارت 18 سے 22 ڈگری سیلسیس جبکہ رات کا درجہ حرارت 4 سے 13 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے۔ بارش کے بعد فضا میں نمی بڑھنے سے شام اور رات کے اوقات میں سردی مزید محسوس کی جا سکتی ہے۔







