
نئی دہلی: پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن شروع ہونے سے ایک دن پہلے منگل کے روز آل پارٹی میٹنگ ہوئی، جس میں دونوں ایوانوں میں قانون سازی کے کام اوردیگرمختلف امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ مرکزی وزیرکرن رجیجونے کہا کہ آل پارٹی فلورلیڈروں کی میٹنگ کی صدارت راج ناتھ سنگھ نے کی۔ کرن رجیجو نے کہا، “ہم نے سب کی تجاویزکونوٹ کیا۔ یہ بجٹ سیشن اورسال کا پہلا سیشن ہے، جوکل سے شروع ہوگا۔”
صدرجمہوریہ کا خطاب کل پیش کیا جائے گا اورپرسوں اقتصادی سروے پیش کیا جائے گا۔ بجٹ یکم فروری 2026 کوپیش کیا جائے گا۔ بعد ازاں صدرجمہوریہ کے خطاب پرشکریہ کی تحریک پربحث کی جائے گی۔ کرن رجیجونے کہا، “ہم نے تمام پارٹیوں سے بحث میں حصہ لینے اورپارلیمنٹ کے کام کاج کوبہترطریقے سے یقینی بنانے پرزوردیا ہے۔ جن کواپنی بات رکھنی ہے، وہ صدرجمہوریہ کی تقریرپراظہارتشکرپیش کرنے کے بعد اپنی بات پارلیمنٹ میں رکھ سکتے ہیں۔
آل پارٹی میٹنگ میں 51 لیڈران نے کی شرکت
انہوں نے کہا کہ آج 39 پارٹیوں کے 51 لیڈران نے میٹنگ میں حصہ لیا۔ ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے۔ ہمیں پارلیمانی جمہوریت کو برقرار رکھنا چاہئے اوراس مقصد کوپورا کرنا چاہئے، جس کے لیے عوام نے ہمیں منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت قواعد کے مطابق ہونی چاہئے۔ آپ کوبولنے کی آزادی ہے، لیکن دوسروں کوبھی ایوان میں اپنے خیالات کا اظہارکرنے کا حق ہے۔







