
نئی دہلی: نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ کھیلنے کے لیے بھارتی ٹیم اندور پہنچ چکی ہے۔ ٹیم کے کپتان شُبھمن گِل اپنے ساتھ تقریباً تین لاکھ روپے کی ایک خصوصی واٹر پیوریفیکیشن مشین لے کر آئے ہیں، جسے انہوں نے ہوٹل کے اپنے کمرے میں نصب کروایا ہے۔ہوٹل ذرائع کے مطابق یہ جدید مشین نہ صرف آر او کے پانی بلکہ پیک شدہ بوتل بند پانی کو بھی دوبارہ مکمل طور پر صاف کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ گِل نے اس مشین کے استعمال اور تکنیکی تفصیلات کے بارے میں ہوٹل کے عملے کو زیادہ معلومات فراہم نہیں کیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ آیا یہ قدم اندور میں حالیہ دنوں آلودہ پانی پینے سے ہونے والی اموات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ ہے۔
کھلاڑیوں کی فٹنس اور غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) نے ٹیم انڈیا کے ساتھ خصوصی شیف بھی اندور بھیجے ہیں۔ یہ شیف ہر کھلاڑی کی جسمانی ضروریات اور ڈائٹ پلان کے مطابق کھانا تیار کر رہے ہیں تاکہ فیصلہ کن میچ سے قبل کھلاڑی بہترین فٹنس میں رہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق کپتان وِرات کوہلی سخت ڈائٹ فالو کر رہے ہیں، جس میں گرِل کی ہوئی سبزیاں، اسپراؤٹس اور سوپ شامل ہیں۔ وہ اُبالا ہوا اور بھاپ میں پکا ہوا کھانا ہی استعمال کرتے ہیں۔ ناشتے میں وِرات کوہلی اسپراؤٹس اور لیموں والی گرین ٹی لیتے ہیں، جبکہ ان کے کھانے میں گرین گرِلڈ سبزیاں، دال، رائتہ اور سوپ شامل ہوتا ہے۔
بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کی ڈائٹ میں بادام، اسپراؤٹس، اوٹس، پھل، پنیر، سبزیاں، دال اور چاول شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے لیے چکن، مچھلی، انڈے، براؤن رائس، دالیں اور مختلف اقسام کے خشک میوے تیار کیے جا رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے ناریل پانی اور گرین ٹی بھی دی جا رہی ہے۔
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کے اہم مقابلے سے قبل جمعہ کو بھارتی کھلاڑیوں نے آرام کیا، جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ ہفتہ کو ٹیم انڈیا بھی میدان میں اتر کر بھرپور مشق کرے گی، تاکہ فیصلہ کن میچ میں مضبوط کارکردگی پیش کی جا سکے۔قابل ذکر ہے کہ اندور کے بھاگیرتھ پورہ علاقے میں آلودہ پانی کے سبب اب تک 24 افراد کی موت ہو چکی ہے، جب کہ کئی افراد تاحال زیر علاج ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر 16 مریضوں کا علاج جاری ہے۔ آئی سی یو میں داخل 6 مریضوں میں سے ایک کو وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے، جبکہ تین مریض طویل عرصے سے وینٹی لیٹر پر ہیں۔ وارڈ میں 11 مریض داخل ہیں، جب کہ جمعہ کو اسہال کے تین نئے مریض سامنے آئے، جنہیں اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں پڑی۔
دوسری جانب بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز اس وقت 1-1 سے برابر ہے اور تیسرا میچ 18 جنوری کو اندور میں کھیلا جائے گا۔ کھلاڑیوں کی فٹنس اور خوراک کو مدنظر رکھتے ہوئے بی سی سی آئی نے ٹیم کے ساتھ خصوصی شیف بھی بھیجے ہیں، جو ہر کھلاڑی کی ضرورت کے مطابق کھانا تیار کر رہے ہیں۔ جمعہ کو بھارتی ٹیم نے آرام کیا، جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پریکٹس کی۔ ہفتہ کو ٹیم انڈیا بھی میدان میں مشق کرے گی۔







