
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے فیدے ورلڈ بلٹز شطرنج چیمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیتنے پر ارجن ایریگائسی کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم نے ارجن کی صلاحیتوں اور کھیل کے تئیں ان کے جذبے کی بھرپور تعریف کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ’’شطرنج میں بھارت کی ترقی جاری ہے۔ دوحہ میں فیدے ورلڈ بلٹز شطرنج چیمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیتنے پر ارجن ایریگائسی کو مبارکباد۔ اس سے پہلے انہوں نے حال ہی میں فیدے ریپڈ شطرنج چیمپئن شپ میں بھی کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ ان کی صلاحیت، صبر اور جذبہ قابلِ ستائش ہیں۔ ان کی کامیابیاں ہمارے نوجوانوں کو مسلسل ترغیب دیتی رہیں گی۔ انہیں میری نیک خواہشات۔‘‘
ارجن ایریگائسی نے ورلڈ بلٹز چیمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ سیمی فائنل میں انہیں عبد الستاروف کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں عبد الستاروف نے ارجن کو 2.5-0.5 سے شکست دی۔ ایریگائسی میگنس کارلسن اور عبد الستاروف جیسے عظیم کھلاڑیوں کو شکست دے کر 13 مقابلوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ واحد لیڈر بنے تھے۔ منگل کے روز چھ راؤنڈز میں انہوں نے شاندار کھیل پیش کیا، چار میچ جیتے اور دو ڈرا کیے، اور 15 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کی۔
سیمی فائنل میں ایک مرحلے پر 2021 کے ورلڈ ریپڈ چیمپئن عبد الستاروف اور ارجن دونوں 13-13 پوائنٹس پر برابر تھے۔ توقع کی جا رہی تھی کہ پیر کے روز عبد الستاروف کو شکست دینے والے ارجن ایک بار پھر کامیابی حاصل کریں گے، لیکن وہ پہلے کھیل میں سفید مہروں کے ساتھ حاصل ہونے والی برتری کو برقرار نہ رکھ سکے اور 47 چالوں میں شکست کھا گئے۔
اس سے قبل اتوار کو ایریگائسی نے ریپڈ کیٹیگری میں بھی تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ 22 سالہ ایریگائسی کے لیے دو کانسے کے تمغے جیتنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ اس کارنامے کے ساتھ ایریگائسی، وشوناتھ آنند کے بعد ورلڈ بلٹز کی ’اوپن کیٹیگری‘ میں تمغہ جیتنے والے دوسرے بھارتی مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔ دنیا کے نمبر ایک شطرنج کھلاڑی میگنس کارلسن نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ نویں بار ورلڈ بلٹز کا خطاب اپنے نام کیا۔







