
عمان کے نائب وزیر اعظم برائے دفاعی امور، سید شہاب بن طارق آل سعید نے مسقط پہنچنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا پُرتپاک استقبال کیا۔

سرکاری استقبالیہ کی رسمی تقریب کے تحت بھارتی لیڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

یہ دورہ وزیراعظم نریندر مودی کا عمان کا دوسرا دورہ ہے، جو بھارت اور عمان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی گہرائی کو نمایاں کرتا ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہو رہا ہے اور دسمبر 2023 میں سلطان ہیثم بن طارق کے بھارت کے سرکاری دورے کے بعد عمل میں آیا ہے۔ اپنے قیام کے دوران وزیرِ اعظم مودی سلطان ہیثم بن طارق کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی تعاون، دفاع، سلامتی، ٹیکنالوجی، زراعت اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف امور پر جامع بات چیت کریں گے۔ ان مذاکرات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ وزارت خارجہ کے سکریٹری ارون کمار چٹرجی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دورہ صدیوں پرانے بحری اور عوامی روابط کی عکاسی کرتا ہے اور ساتھ ہی دوطرفہ تعلقات کے ہمہ جہتی جائزے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ امید ہے کہ وزیر اعظم مودی دونوں ممالک کے کاروباری رہنماؤں سے خطاب کریں گے تاکہ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ بھارت اور عمان کے درمیان توانائی سلامتی، بحری تعاون اور علاقائی استحکام جیسے شعبوں میں مضبوط شراکت داری قائم ہے۔وزیر اعظم مودی کا یہ دورہ ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مستقبل کے تعاون کے لیے نئی رفتار فراہم کرنے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی عمان پہنچنے سے قبل ایتھوپیا کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے آئے، جہاں انہیں ’گریٹ آنر نشانِ ایتھوپیا‘ سے نوازا گیا اور انہوں نے ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد علی کے ساتھ تفصیلی دوطرفہ مذاکرات کیے۔







